Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاستدانوں کی سیکورٹی پر پیسے لٹانے کی اجازت نہیں‘ چیف جسٹس

لاہور.... چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قوم کا پیسہ سیاستدانوں کے حفاظتی انتظامات پر ضائع کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ملک میں حکمرانی صرف اللہ اور قانون کی ہوگی۔ عدالت عظمیٰ کی لاہور رجسٹری میں سیاستدانوں اور اہم شخصیات کو سیکورٹی دینے کے مقدمے میں 2 رکنی بنچ کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے پنجاب پولیس کی جانب سے جمع کرائی سیکورٹی رپورٹ مسترد کردی۔ درخواست گزار نے مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ صوبائی محکمہ پولیس نے تمام سیکورٹی (ن)لیگ کے رہنماﺅں اور ان کے خاندان کو دے رکھی ہے جس پر پنجاب پولیس کے ڈی آئی جی عبدالرب نے عدالت کو وضاحت کی کہ محکمے کی جانب سے 31 سیاسی شخصیات کو سیکورٹی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے مزید کہا کہ سینیئر رہنماﺅں کے لیے حفاظتی اقدامات تو درست مگر رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمٰن، عابد شیر علی اور احسن اقبال کے بیٹے کو سیکورٹی کس قانون کے تحت دے رکھی ہے، یہ لوگ عدلیہ کو برا بھلا کہتے ہیں اور پھر سیکورٹی کا تقاضا بھی کرتے ہیں۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک سیاست دان کی سیکورٹی پر تقریباً 60 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں، قوم کا پیسہ اس طرح لٹانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے اس حوالے سے سفارشات فراہم کرنے والی کمیٹی کو رات 8 بجے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

شیئر: