Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ن نے ہر قیمت پر اقتدار کی سیاست کا انتخاب کیا: شاہد خاقان عباسی

’میں ہر قیمت پر اقتدار کی سیاست نہیں کرتا، یہ بات میاں نواز شریف کو بتا دی تھی‘ (فائل فوٹو: مسلم لیگ ن ایکس اکاؤنٹ)
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سابق سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ’ن لیگ نے ہر قیمت پر اقتدار کی سیاست کا انتخاب کیا۔‘
وہ سنیچر کو جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی کو انٹرویو میں مختلف سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔
 ان کا کہنا تھا کہ ’میں اس سیاست کے ساتھ نہیں چل سکتا کیونکہ میں اسے ملک کے مفاد میں نہیں سمجھتا۔‘
اب میں مسلم لیگ ن کا رکن نہیں ہوں، میں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔‘ 
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’مجھے اس سیاست سے اتفاق نہیں جس کا انتخاب پارٹی نے 2022 میں کیا تھا۔‘
’مسلم لیگ ن کو پہلے ہی بتا دیا تھا کہ میں آئندہ آپ کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑوں گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں ہر قیمت پر اقتدار کی سیاست نہیں کرتا، یہ بات میاں نواز شریف کو بتا دی تھی۔‘
فیض آباد دھرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید حکومت کا حصہ تھے، وہ میرے وزیر (وزیر داخلہ احسن اقبال) کے ساتھ مذاکرات کر رہے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آئی ایس آئی کسی باہر کے ملک کی ایجنسی نہیں، وہ حکومت کو رپورٹ کرتی ہے۔ فیض حمید بالواسطہ طور پر میرے ماتحت تھے۔‘
اس سوال پر کہ مریم نواز کو پارٹی میں عہدہ دینے پر آپ کی ناراضی بڑھ گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے کوئی عہدہ مانگا ہے کبھی؟‘
’میرے اوپر اگر کوئی الزام لگا سکتا تو اس کا حق صرف نواز شریف کو ہے کیوں کہ وہ مجھے جانتے ہیں، میں یہ حق کسی اور کو نہیں دے سکتا۔‘
ایک سوال پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ’وہ مئی یا جون میں نئی پارٹی کا اعلان کریں گے۔‘
’نئی پارٹی میں سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سابق سینیٹرز مصطفیٰ نواز کھوکھر اور لشکری رئیسانی اور سابق رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد خان ہوتی شامل ہوں گے۔‘

شیئر: