Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارجنٹائن اگر مگر میں پھنس گیا، امیدکی ایک کرن باقی

 
ماسکو:نائیجیریا کی آئس لینڈ کے خلاف 0-2کی فتح نے ارجنٹائنی ٹیم کیلئے فیفا ورلڈ کپ کے اگلے راونڈ تک رسائی کی امید تو پیدا کردی ہے لیکن لیونل میسی اور ان کی ٹیم کو اب نائیجیریا ہی کے خلاف بڑی فتح حاصل کرنا ہوگی جس کے نتیجے میں وہ پری کوارٹر فائنل تک پہنچ سکے گی۔ اگر مگر کے بھنور میں پھنسی ارجنٹائن کی ٹیم کے آگے بڑھنے کے لئے آئس لینڈ کی شکست بھی ضروری ہے جبکہ دونوں کی فتح کے ساتھ ارجنٹائن کا بڑے فرق سے کامیابی حاصل کرنا بھی اسے آخری16ٹیموں میں پہنچاسکتا ہے ۔نائیجیریا اور آئس لینڈ کا میچ دیکھنے کے لئے ارجنٹائنی شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور ایک شخص نے تو ایسا بینر اٹھا رکھا تھا جس پر نائیجیریا سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ میسی کی خاطر آئس لینڈ کو شکست دے۔ اس خواہش کے پورا ہونے پر ارجنٹائنی شائق خوشی سے آنسو بہاتا نظر آیا ۔ لاگوس کے ساتھ ساتھ بیونس آئرس میں بھی نائیجیریا کی فتح پر جشن منایا گیا لیکن دیکھنا یہ ہے کہ خود ارجنٹائنی ٹیم نائیجیریا کے خلاف کیا کرتی ہے۔کروشیا کے خلاف 3-0کی عبرتناک شکست نے ارجنٹائن کو 16سال بعد ورلڈ کپ کے پہلے ہی راونڈ میں باہر ہو جانے کے خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔ 2-2میچوں کے بعد گروپ ڈی سے کروشیا کی ٹیم پہلے ہی اگلے راونڈمیں پہنچ چکی ہے، نائیجیریا کے3 پوائنٹس ہیںجبکہ ارجنٹائن اور آئس لینڈ ایک، ایک پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں۔آئس لینڈ کا گول مارجن ارجنٹائن سے بہتر ہونے کی وجہ سے میسی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ منگل کو ہونے والے میچوں کے بعد اصل صورتحال سامنے آجائے گی جب ارجنٹائن کا مقابلہ نائیجیریا اور آئس لینڈ کا میچ کروشیا سے ہوگا۔ ارجنٹائن کو 0-3سے کامیابی درکار ہے جبکہ اس کیلئے آئس لینڈ کا صرف 0-1سے جیتنا ضروری ہوگا ۔ اگر دونوں ٹیمیں0-1سے جیتیں تو ارجنٹائن کو سامان باندھنا پڑے گا۔ دوسری جانب نائیجیریا کیلئے ارجنٹائن کے خلاف فتح اور آئس لینڈ کا کم از کم 0-2سے ہارنا ہی اسے اگلے راونڈ میں پہنچا سکے گا۔نائیجیریا زیادہ گول کرکے میچ ڈرا ہونے پر بھی آگے جا سکے گا۔ اس گروپ کے میچوں میں گول کی تعداد ہی اصل اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ 2-2 گول سے نائیجیریا کا ڈرا اور آئس لینڈ کی0-2سے فتح دونوں کے پوائنٹس کی تعداد برابر اور گول کا فرق صفر کرسکتی ہے جبکہ نائیجیریا 4گول کرے اور آئس لینڈ 3تو افریقی ٹیم پری کوارٹر فائنل کھیل سکے گی۔ اس لئے اب اپنے کھیل کے ساتھ دیگر ٹیموں کی کارکردگی بھی ارجنٹائن، آئس لینڈ اور نائیجیریا کیلئے یکساں اہمیت کی حامل ہوگی۔

شیئر: