Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

المسفلہ ، مکہ کا قدیم ترین محلہ

مکہ مکرمہ میں چند گھروں کے مجموعے کو(الحارۃ) کہاجاتا ہے،اس کی جمع حارات آتی ہے۔ سعودی عرب کے ہر شہر میں حارے پائے جاتے ہیں۔ برصغیر میںحارے کیلئے محلے کا لفظ بولا جاتا ہے۔ مکہ مکرمہ بہت سارے قدیمی محلوں کا مجموعہ ہے۔ مقدس شہر اب ہر طرف سے پھیل گیا ہے لیکن اس کے پرانے محلوں کی شان آج بھی باقی ہے۔ مکہ مکرمہ کے 60پرانے محلے آج بھی ریکارڈ پر موجود ہیں جن میں المسفلہ، القرارہ، اجیاد، الہجلہ، سوق اللیل، شعب عامر، الحجون، العزیزیہ، السلامہ، التنعیم اور جرول قابل ذکر ہیں۔ 
المسفلہ وہ محلہ ہے جس سے برصغیر کے مسلمانوں کا بڑا گہرا رشتہ ہے۔ زیادہ تر معتمر اور عازمین حج اسی محلے میں رہتے چلے آئے ہیں۔ 
المسفلہ مسجد الحرام سے قریب واقع ہے۔ اہل مکہ کہتے ہیں کہ مسجد الحرام سے جنوب کی طرف جانیوالا پورا علاقہ المسفلہ کہلاتا ہے اور یہ نشیب میں واقع ہے۔ اس کا بالائی علاقہ جو مسجد الحرام کے شمال مشرق میں آتا ہے المعلاہ کہلاتا ہے۔ 
الازرقی کا کہنا ہے کہ الصفاء سے اجیادین تک کا علاقہ اور زیریں حصہ المسفلہ ہے ۔ 
الشیخ الکردی کہتے ہیں کہ مدعی القشاشیہ سے حجون کی طرف کا علاقہ اور منیٰ تک کا بالائی علاقہ المعلاہ کہلاتا ہے۔چودھویں صدی ہجری کی روایت کے مطابق المسفلہ کی حدیں کچھ اس طرح ہیں ۔ مشرق میں بیت المنصوری ہے، شمال مغرب میں سوق الصغیر واقع ہے،جنوب میں جبل الشراشف ہے۔وسط میں البخاریہ کی پہلی گلی پڑتی ہے۔ 
المسفلہ لمبائی میں جنوب مشرق کی طرف اللیط روڈ تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کے مکانات سرکلر روڈ 1,2,3سے ہوکر گزرتے ہیں۔
المسفلہ ماضی میں کئی محلوں کا مجموعہ تھا ۔مثال کے طور پرالدحل،الرشد،الولایہ، ابو طنجہ،الکنکاریہ، قوز المکاسہ اور الکعکیہ پر مشتمل ہوا کرتا تھا۔ اب بھی ان میں سے کئی مقامات المسفلہ کے دائرے میں آتے ہیں جبکہ دیگر کو آس پاس کے محلوں میں ملا دیا گیا ہے۔ 
المسفلہ کے علماء نے بڑا نام کمایا۔ ان میں شیخ یحییٰ امان ، شیخ صالح خزامی، شیخ علی الکنوی،شیخ مالک بخاری اور شیخ ابراہیم خان قابل ذکر ہیں۔ اس کے رہنماؤں میں محمد علی، محمد سعید، احمد وجمال، الحدیدی، سلیمان بیطار،العم حسن مطر، شیخ بکر تنکو، علی فتاوی اور حسن حوساوی کے نام لئے جاتے ہیں۔ 
المسفلہ میں عربوں کے گیت گائے جاتے تھے۔ یہاں ایسے لوگ اچھی خاصی تعداد میں تھے جو مدینہ منورہ پابندی سے سفر کیا کرتے تھے۔المسفلہ محلے میں کئی مشہور خاندان آباد رہے ہیں جن میں ڈاکٹر محمد عبدہ یمانی اور آل الشبیلی کے نام سرفہرست ہیں۔

شیئر: