پی اے سی میں شامل کیا جائے‘ ن لیگ کیخلاف خود آڈٹ کراﺅں گا‘ شیخ رشید

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی میں سے تحریک انصاف کے کسی رکن کو نکال کر اس کی جگہ مجھے شامل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھایا دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین بنانے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ شہباز شریف کو دینے کے خلاف سپریم کورٹ جاﺅں گا اور اس سلسلے میں پیر کے روز وزیر اعظم سے ملاقات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے کسی ایک رکن کو واپس لے اور مجھے کمیٹی میں شامل کرے ساتھ ہی ن لیگ کے معالات کو دیکھنے والی ذیلی کمیٹی کی سربراہی مجھے سونپی جائے۔ میں ان کے معاملات کا خود آڈٹ کراﺅں گا۔ علاوہ ازیں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے تعلقات ہیں جس پر مجھے فخر ہے۔ میں ایک علیحدہ سیاسی جماعت کی نمائندگی کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی کوجوابدہ نہیں۔ آصف زرداری اور نوازشریف کا کوئی مستقبل نہیں ۔ مریم نواز بیٹی کی طرح ہے ، ان کے خلاف کبھی منفی بات نہیں کی۔
 
 

شیئر: