Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آخر یہ سسیلیئن مافیا ہے کیا اور یہ اتنا مشہور کیوں ہے؟

سسیلیئن مافیا کے ایک سربراہ کی تصویر لگائی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مافیا اداروں پر دباؤ ڈالنے کے لیے ’سسیلیئن مافیا‘ کی طرح مخلتف قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
انھوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا ’پاکستانی مافیا منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جمع کیے گئے اپنے اربوں روپے کا تحفظ چاہتی ہے اور ریاستی اداروں اور عدلیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔‘

وزیراعظم کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا ’آپ اس مافیا کا حصہ ہیں جو اپنے سیاسی حریفوں سے انتقام لینے کے لیے ججز پر دباؤ ڈالتی ہے۔‘
سسیلیئن مافیا کا نام پاکستان میں پہلی بار نہیں سنا گیا بلکہ اس سے پہلے بھی یہ لفظ 2017 میں پاکستان میں اس وقت مقبول ہوا جب پانامہ کیس سامنے آیا تھا۔ اُس وقت پاکستان کی سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو ’سسیلیئن مافیا کا نمائندہ‘ کہہ کر پکارا تھا جس پر اس وقت کی حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔  

لیکن یہ سسیلیئن مافیا ہے کیا؟

سسلی بحیرہ روم کا ایک جزیرہ ہے جو اٹلی کے وجود میں آنے سے پہلے آزاد اور خود مختار تھا۔ ویب سائٹ ہسٹری ڈاٹ کام کے مطابق اس جزیرے پر عربوں، ہسپانویوں اور فرانسیسیوں سمیت دوسری قوموں کا قبضہ رہا۔ جزیرہ سسلی کے رہنے والوں نے اپنے آپ کو غیر ملکی حملہ آوروں سے بچانے کے لیے گروپس بنائے، یہ گروپس بعد میں قبیلے اور خاندان بنے۔
سسیلیئن مافیا کے رکن اپنے مافیا کے لیے کوسا نوسٹرا کا لفظ بھی استعمال کرتے ہیں جس کا مطلب ’ہماری چیز‘ ہے۔
ان قبیلوں نے اپنا سزا اور جزا کا نظام بنایا، یہ اپنے کاموں کو خفیہ رکھتے تھے اور آج بھی اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہیں۔
سسیلیئن مافیا کے قبیلوں کا اپنا سربراہ ہوتا ہے اور کسی سربراہ کے مرنے کے بعد اس کا بیٹا سربراہ بنتا ہے۔

سسلی ایک خودمختار جزیرہ تھا جو 1861 میں موجودہ اٹلی کا حصہ بنا۔ فوٹو: پکسا بے

لکھاری سیلون راب کے مطابق انیسویں صدی تک ’مافیوز‘ کا لفظ کسی مجرم کے لیے استعمال نہیں ہوتا تھا بلکہ وہ شخص جو مشکوک ہو اس کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ 
لیکن مافیا اس وقت مقبول ہوا جب قیدیوں پر ظلم کے بارے میں ایک ڈرامہ سامنے آیا جس میں مافیا کا لفظ استعمال ہوا اور اس کے بعد یہ لفظ مشہور ہو گیا۔ سسلی 1861 میں موجودہ اٹلی کا حصہ بنا، یہ مافیا اتنا مضبوط تھا کہ اس وقت کی حکومت نے بھی ان سے مدد لی تھی۔
اس وقت یہی سسیلیئن مافیا بعض امیدواروں کے لیے لوگوں کو ووٹ دینے پر مجبور کرتا تھا، معلومات کے مطابق کیتھولک چرچ بھی زرعی مزارعین کو قابو میں رکھنے کے لیے ان سے مدد لیتا تھا۔

سسیلیئن مافیا کےسابق سربراہ سلیویتور توتو رینا عدالت جاتے ہوئے۔ فوٹو:اے ایف پی

سسلی جزیرے میں سیسلین مافیا 1920 تک کام کرتا رہا لیکن جب بینیتو مسولینی کی حکومت آئی تو اس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تاہم 1950 میں سسیلیئن مافیا پھر سے سامنے آیا اور اس نے تعمیرات کا کام شروع کیا۔ یہ دیکھتے ہی دیکھتے 1970 تک منشیات سمگل کرنے والے گروپوں میں ایک بڑا نام بن گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سسیلیئن مافیا اپنے سربراہ سلیویتور توتو رینا کے دور میں اٹلی کی ریاست کے ساتھ جنگ میں تھا۔ 1992 میں توتو رینا کے اہلکاروں نے سرکاری وکیل، ان کی اہلیہ اور دو محافظوں کو ایک بم دھماکے میں ہلاک کر دیا تھا۔
2014 میں اس وقت کے اطالوی صدر نے ایک مقدمے کے دوران الزام لگایا تھا کہ ریاستی افسران نے مافیا کے ساتھ ایک خفیہ معاہدہ کیا تھا اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے اسی معاہدے کے تحت 1990 کی دہائی میں دھماکے کیے تھے۔
سسیلیئن مافیا کے سربراہوں کو اٹلی کی حکومت نے وقتاً فوقتاً گرفتار کیا ہے اور ان پر مقدمے بھی چلائے گئے لیکن اس کا وجود آج بھی موجود ہے۔

شیئر: