Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کا ایک اور جنگی طیارہ مگ 29 گر کر تباہ

رواں برس انڈیا کے تین مگ جنگی طیارے گر کر تباہ ہوچکے ہیں۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز
انڈین بحریہ کا ایک جنگی طیارہ مگ 29 مغربی ساحلی ریاست گوا کے ایک گاؤں میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ رواں برس انڈیا کا تیسرا مگ طیارہ ہے جو تباہ ہوا ہے۔ اس سے قبل ستمبر میں مدھیا پردیش میں انڈین ائیر فورس کا مگ 21 جنگی طیارہ تباہ ہو گیا تھا اور اس سے پہلے فروری میں پاکستان ائیر فورس نے ایک اور انڈین مگ 21 فضائی جھڑپ میں مار گرایا تھا جبکہ اس کے پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کر لیا تھا۔
خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق سنیچر کو یہ طیارہ گوا کے دابولم میں آئی این ایس ہنسا ایئربیس سے اپنی معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اسے حادثہ پیش آ گیا۔
انڈین بحریہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جہاز انجن میں آگ لگنے کی وجہ سے تباہ ہوا جبکہ انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ پرندے کے ٹکرانے سے پیش آیا ہے۔
بحریہ کے ایک سینيئر اہلکار نے بتایا ہے کہ اس پر سوار دونوں پائلٹ حفاظت سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
ریئل ایڈمیرل فلپوز جارج پائنوموٹی نے کہا کہ پائلٹ کی ہوشیاری کے سبب ایک بڑا حادثہ ٹل گیا کیونکہ پائلٹ نے جہاز کا رخ آبادی سے دوسری جانب موڑ دیا۔
ایک مقامی شخص نے بتایا کہ طیارہ چٹانی سطح مرتفع پر جا کر گرا جو کہ ریاستی دارالحکومت سے 15 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

رواں سال انڈیا کے تقریباً ایک درجن طیارے گر کر تباہ ہو چکے ہیں (فوٹو: انڈیا ٹی وی)

حکام کے مطابق اس طیارے کا ملبہ ایک کلو میٹر کے دائرے میں پھیل گیا۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دونوں پائلٹوں کیپٹن ایم شیوکھنڈ اور لیفٹنینٹ کمانڈر دیپک یادو سے بات کی اور کہا کہ یہ اطمینان کی بات ہے کہ دونوں بحفاظت وہاں سے نکلنے میں کامیاب رہے۔
انڈیا ٹوڈے کی ایک خبر کے مطابق جنوری سے ستمبر تک انڈیا کے ایک درجن طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں اور اس کے نتیجے میں تقریبا 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر:

متعلقہ خبریں