Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوسٹ گارڈ کی بروقت مدد ، انڈین بچہ اور یمنی ڈوبنے سے بچ گئے

بچے کے والدین نے کوسٹ گارڈ کا شکریہ ادا کیا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
الجبیل ساحل پرکوسٹ گارڈ کی بروقت مدد سے 8 سالہ انڈین بچہ اور یمنی شہری ڈوبنے سے بچ گئے۔ انڈین بچہ دارین ساحل پر جبکہ یمنی کو الجبیل کے النخیل ساحل سے بچایا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ ایس پی اے ‘ نے کوسٹ گارڈ کے ترجمان کرنل مسفر القرینی کے حوالے سے بتایا کہ کوسٹ گارڈ کے مرکزی کنٹرول روم میں اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ساحل پر تفریح کےلیے آنے والے خاندان کا ایک بچہ تیز لہروں کی نذر ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی کوسٹ گارڈ کی پٹرولنگ پارٹی کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ۔ جائے وقوعہ سے قریب ترین پارٹی اطلاع ملتے ہی وہاں پہنچ گئی جنہوں نے انتہائی مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے بچے کو لہروں سے بحفاظت نکال لیا۔

 ساحل پرتفریح کےلیے آنے والے بچوں کا خاص خیال رکھیں(فوٹو، سوشل میڈیا)

بچے کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ھسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی صحت بہتر بتائی جاتی ہے۔ کوسٹ گارڈ کی فوری مداخلت پر بچے کے والدین نے انکا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔
کرنل مسفر نے مزید بتایا کہ دوسرا حادثہ جبیل کے النخیل ساحل پر پیش آیا جہاں ایک یمنی شہری پیراکی کرتے ہوئے توازن کھو بیٹھا جس پر اس کے ساتھیوں نے کوسٹ گارڈ سے مدد طلب کی جنہوں نے یمنی کوبحفاظت نکال کر طبی امداد مہیا کرنے کے بعد اسے اسپتال منتقل کر دیا۔
کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے ساحل پرتفریح کےلیے آنے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا خاص طور پر خیال رکھیں۔

شیئر: