Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامے اور خروج وعودہ کے لیے چالان کی ادائیگی کیسے کریں

سگنل کی خلاف ورزی پرسب سے زیادہ چالان ہوتا ہے جو تین ہزار ریال ہے (فوٹو: اے ایف پی)
قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے جاتے ہیں جن کی ادائیگی لازمی ہوتی ہے۔ ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے علاوہ اقامہ ایکسپائری، خروج وعودہ یا خروج نہائی کی مدت کے دوران سفر نہ کرنے پرعائد ہونے والے جرمانے اور دیگر خلاف ورزیوں پر ہونے والے چالان کی ادائیگی حکومت کو کرنا لازمی ہے۔ 
چالان کی اقسام اورادائیگی کا طریقہ 
ٹریفک خلاف ورزیوں پرعائد ہونے والے چالان جو عام طور پر معروف ہیں مختلف نوعیت کے ہیں جن کی مالیت 100 ریال سے 3000 ریال تک ہے۔ 
سگنل کی خلاف ورزی پرسب سے زیادہ چالان ہوتا ہے جو تین ہزار ریال ہے۔ یہ چالان ٹریفک سگنلز پر لگے ہوئے کیمروں کے علاوہ ٹریفک پولیس اہلکار بھی کرتے ہیں۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کو جدید ترین سسٹم دیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر فوری چالان کیے جاتے ہیں۔ 
ٹریفک چالانز کے علاوہ اقامہ اور اس سے متعلقہ خلاف ورزیوں پرعائد ہونے والے چالان مختلف نوعیت کے ہیں جن میں اقامہ ایکسپائر ہونے پر500 ریال جرمانہ ہوتا ہے جبکہ دوسرے برس بھی اقامہ کی مدت ختم ہونے پر یہ جرمانہ ایک ہزار ریال ہو جاتا ہے اور مسلسل تیسرے برس پر مملکت سے بے دخل کردیا جاتا ہے۔ 

مملکت میں اقامہ ایکسپائر ہونے پر500 ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

چالان کی ادائیگی کے لیے مملکت کے مختلف شہروں میں لوگوں نے نجی دفاتر کھول رکھے ہیں جہاں فی چالان پانچ  ریال اضافی لے کر جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ 
جرمانوں کی ادائیگی بینک اکاؤنٹ سے یا آن لائن بھی کی جاسکتی ہے۔ بینک اکاونٹ میں ’سداد ‘ کا ایک آپشن ہوتا ہے جس کے معنی ادائیگی کے ہیں۔ اس آپشن کے ذریعے محکمے کو منتخب کرنے کے بعد اقامہ نمبر مخصوص خانے میں درج کرنے سے چالان کی رقم ظاہر ہو جاتی ہے جس پر ’پے‘ کا آپشن استعمال کرتے ہوئے ادا کیا جاسکتا ہے۔ 
بینک اے ٹی ایم کے ذریعے بھی چالانز کی ادائیگی ممکن ہوتی ہے۔  
چالان پراعتراض 
اگر کسی کو اس امر کا یقین ہے کہ اس کا چالان غلط کیا گیا ہے تو وہ ابشر پورٹل پر چالان پراعتراض کا آپشن استعمال کرتے ہوئے ہونے والے چالان کے خلاف اپیل دائر کرسکتا ہے۔ 

ٹریفک پولیس اہلکاروں کو جدید ترین سسٹم دیا گیا ہے جس کے تحت کسی بھی خلاف ورزی پر فوری چالان کیے جاتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)  

اپیل دائر کرنے کے بعد متعلقہ ادارے میں جہاں اپیل دائر کی گئی ہے وقت مقررہ پر حاضر ہوکر اعتراض کے بارے میں دلائل دیے جاسکتے ہیں۔ 
ایک شخص نے دعویٰ دائر کیا کہ ان کی گاڑی جدہ میں ہے جبکہ ان کے نام سے چالان ریاض شہر میں آیا ہے جبکہ وہ ان دنوں ریاض گئے ہی نہیں جب چالان رجسٹرہوا۔ 
دعویٰ درست ثابت ہونے پر چالان ختم کردیا جاتا ہے۔ بعض اوقات سسٹم میں ہونے والی غلطی کی وجہ سے چالان ہو جاتا ہے جس پر اعتراض دائر کرنے کا حق ہوتا ہے۔ 
چالان کی ادائیگی ضروری 
مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں کے اقامہ نمبر سے تمام اداروں میں ان کی فائل رجسٹر ہوتی ہے۔ یکساں نمبر کے سبب ٹریفک خلاف ورزی پر ہونے والے چالان کی عدم ادائیگی پراقامے کی تجدید اور ایگزٹ وغیرہ نہیں لگایا جاسکتا جب تک چالان کی ادائیگی نہیں کی جاتی سسٹم سیز ہوجاتا ہے۔ 
کورونا کی وبا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے طور پر گھرسے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی ہے ۔ ماسک استعمال نہ کیے جانے کی صورت میں ایک ہزار ریال کا چالان کیا جاتا ہے ۔ یہ جرمانہ بھی ادا کرنا لازمی ہے بصورت دیگر اقامے کی تجدید اور دیگر معاملات انجام نہیں دیے جاسکتے۔ 

شیئر: