Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کو ایرانی اسلحے کی سمگلنگ کی کوشش ناکام

امریکہ نے 171 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل اور آٹھ ٹینک شکن میزائل قبضے میں لیے ہیں۔ (فائل فوٹو: امریکی محکمہ خارجہ)
امریکہ نے ایرانی اسلحے کے دو بڑے ذخیرے قبضے میں لے لیے ہیں جن میں 171 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل اور آٹھ ٹینک شکن میزائل شامل ہیں، جو یمن میں حوثی ملیشیا کے لیے بھیجے جا رہے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے منگل کو کہا کہ بحریہ کے دستوں نے بحیرہ عرب میں دو بحری جہازوں سے یہ ہتھیار معمول کے میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے دوران قبضے میں لیے ہیں۔
بیان کے مطابق 'ایران کی پاسداران انقلاب جو ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ہے، نے ہتھیاروں کی کھیپ کی منصوبہ بندی کی تھی جو یمن میں حوثی عسکریت پسندوں کو بھیجی جا رہی تھی۔'
محکمہ انصاف نے بتایا کہ وینزویلا جانے والے راستے پر بحیرہ عرب یا اس کے آس پاس چار غیر ملکی پرچم والے ٹینکروں سے تقریباً 11 لاکھ بیرل ایرانی پیٹرولیم مصنوعات بھی ضبط کی گئی ہیں۔
محکمہ انصاف کے قومی سلامتی ڈویژن کے معاون اٹارنی جنرل میتھیو جی اولسن کا کہنا ہے کہ 'ان دونوں کیسز میں امریکہ کے اقدامات سے ایران کی حکومت اور پاسداران انقلاب اسلامی کی حمایت کرنے والے مجرمانہ نیٹ ورکس کو زبردست دھچکا لگا ہے۔'
ضبط شدہ پٹرولیم مصنوعات کو عدالتی حکم کے مطابق دو کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے زیادہ میں فروخت کیا گیا تھا، جس سے حاصل ہونے والی رقم مکمل یا جزوی طور پر ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کے فنڈ کو دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 'یہ آپریشن امریکی حکومت کی جانب سے ایران سے ایندھن اور ہتھیاروں کی ترسیل کی اب تک کی سب سے بڑی ضبطی کی نمائندگی کرتا ہے۔'

شیئر: