Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال عازمین حج کی تعداد اور طریقہ کار کیا ہوگا؟

وزارت کے مطابق صحت اداروں کے تعاون سے جائزے لیے جا رہے ہیں ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیرحج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ’اس سال عازمین حج کی تعداد کا تعین صحت و سلامتی کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔‘ 
العربیہ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے الربیعہ نے کہا کہ ’سعودی قیادت کی انتہائی خواہش ہے کہ حج کے تمام کام پرسکون ماحول اور امن و سلامتی کے ساتھ انجام دیے جائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’صحت کے اداروں کے تعاون سے عازمین کی تعداد کے بارے میں جائزے لیے جا رہے ہیں۔‘ 
وزیر حج کا کہنا تھا کہ ’عازمین حج کی صحت و سلامتی سب سے مقدم ہے۔ معتبر صحت رپورٹوں کی بنیاد پر ہی اس کا فیصلہ ہوگا اور حج کے حوالے سے فیصلے کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسجد الحرام میں انتہائی گنجائش کے ساتھ سب کے لیے عمرے کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ حرمین شریفین انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون سے فیصلے لیے جارہے ہیں۔‘ 
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عمرہ زائرین سے اپیل کی کہ وہ اعتمرنا یا توکلنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے حاصل کریں۔ 
یاد رہے کہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس سے قبل ٹویٹ کیا تھا کہ ‘دو برس قبل وبا کی وجہ سے عمرہ معطل کردیا گیا تھا لیکن اب کوئی بھی شخص عمرہ کرسکتا ہے۔‘
علاوہ ازیں وزارت حج وعمرہ نے عمرہ زائرین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور مقامی کمپنیوں و اداروں کے مسائل حل کرنے کے لیے 355 سے زیادہ عمرہ کمپنیوں و اداروں کو کام کرنے کا گرین سگنل دیا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے عمرہ سیکٹر میں مثبت ماحول برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں۔ 
 رہائش سے متعلق رعایت بحال کرنے کے ساتھ معطل عمرہ کمپنیوں و اداروں کی فائلوں پر نظر ثانی کی ہے۔

شیئر: