Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایئرپورٹ پر 2 برطانوی بچوں نے اپنے پاسپورٹ پر خود مہر لگائی

دونوں برطانوی بچے دبئی میں پیدا ہوئے ہیں۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی میں اقامہ اور غیرملکیوں کے امور کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد المری نے دو برطانوی بچوں کو امیگریشن کاؤنٹر پر اپنے پاسپورٹ پر خود مہر لگانے کا موقع دیا۔
الامارات الیوم کے مطابق 9 سالہ ازابیل اور6 سالہ چارلس کے والد تھامس ولیمز نے  بتایا کہ ’وہ برطانیہ میں چھٹیاں گزار کر دبئی پہنچے تھے جب امیگریشن کی لائن میں نمبر قریب آیا تو میرے دونوں بچوں کو تجسس ہوا کہ آخر کاؤنٹرز کے اندر موجود افسران کیا کرتے ہیں؟‘
اسی دوران اقامہ اور غیرملکیوں کے امور کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد المری تفتیشی دورے پر وہاں پہنچے۔
انہوں نے دونوں بچوں سے خوشگوار ماحول میں خیریت دریافت کی اور پھر وہ انہیں اپنے ہمراہ کاؤنٹر کے اندر لے گئے۔
’انہوں نے بچوں کو پاسپورٹ افسران کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ انہوں نے میرے دونوں بچوں سے کہا کہ اپنے پاسپورٹ پر امیگریشن کی مہر خود لگا سکتے ہیں۔‘
’بچے یہ سن کر خوش ہوگئے کہ وہ امیگریشن کی مہر اپنے پاسپورٹ پر خود لگائیں گے۔ ‘
برطانوی شہری تھامس ولیمز نے بتایا کہ دبئی اقامہ ڈائریکٹر جنرل نے میرے بچوں کے ساتھ جو کچھ کیا وہ ہر لحاظ سے شاندار تھا۔
دبئی میں یہ سب کچھ کوئی اچنبھے کی بات نہیں وہ 18 برس سے اپنی فیملی کے ساتھ یہاں مقیم ہیں۔ دونوں بچے دبئی میں پیدا ہوئے ہیں۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: