Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی پی ایل کے پانچ مہنگے ترین غیر ملکی کھلاڑی کون ہوں گے؟

سیم کرن ٹی20 ورلڈ کپ میں ’پلیئر آف دا ٹورنامنٹ‘ قرار دیے گئے تھے۔ (فائل فوٹو: آئی پی ایل/ٹوئٹر)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا 16 واں ایڈیشن اگلے سال مارچ میں شروع ہوگا لیکن اس میگا ایونٹ کے لیے پلیئرز کی ڈرافٹنگ 23 دسمبر کو ہوگی۔
جمعہ 23 دسمبر کو ہونے والی ڈرافٹنگ میں دنیا کے تقریباً 405 بڑے کھلاڑی نیلامی کے لیے موجود ہوں گے۔
انڈین ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں ہونے والی ڈرافٹنگ کی تقریب میں آئی پی ایل کی دس ٹیمیں (فرینچائزیں) حصہ لیں گی۔
اس ٹورنامنٹ میں دنیا کے وہ کون سے پانچ کھلاڑی ہوں گے جن کی قیمت سب سے زیادہ ہوسکتی ہے؟

بین سٹوکس

انگلینڈ کے لیفٹ ہینڈ بیٹر اور دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے بولر بین سٹوکس نے آخری بار آئی پی ایل 2021 میں کھیلا تھا لیکن انہیں انجری کے باعث یہ سیزن بیچ میں چھوڑ کر جانا پڑا تھا اور پھر وہ 2022 کا میگا ایونٹ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔
انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے نومبر میں اپنی ٹیم کی ٹی20 ورلڈ کپ میں جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور پھر دسمبر کے مہینے میں ان کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی تھی۔

بین سٹوکس انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 31 سالہ بین سٹوکس 2018 میں 19 لاکھ ڈالرز سے زائد رقم کے عوض راجستھان رائلز کے لیے کھیلے تھے اور اس سال ان کی نیلامی 2 لاکھ 46 ہزار ڈالرز سے شروع ہوگی۔

سیم کرن

انگلینڈ کے آل راؤنڈر سیم کرن حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی بولنگ کی وجہ سے ’پلیئر آف دا ٹورنامنٹ‘ قرار دیے گئے تھے۔
سیم کرن اس سے قبل آئی پی ایل میں چنائی سپر کنگز کی جانب سے کھیل چکے ہیں لیکن 2022 کے ٹورنامنٹ میں وہ انجری کے باعث حصہ نہیں لے سکے تھے۔
بحیثیت بیٹر سیم کرن کا سٹرائک ریٹ تقریباً 150 کے ہے اور اپنے ہم وطن بین سٹوکس کی طرح وہ بھی اس سال آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی لسٹ میں شامل ہوں گے اور چنائی سپر کنگز کپتان مہیندر سنگھ دھونی بھی شاہیں گے کہ سیم کرن ان کی ٹیم کا حصہ بنیں۔

کیمرون گرین

آسٹریلیا کے 23 سالہ آل راؤنڈر کیمرون گرین بھی آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی دوڑ میں شامل ہوں گے۔

کیمرون گرین نے حالیہ دورہ انڈیا میں 214.54 کے سٹرائک ریٹ سے 118 رنز بنائے تھے۔ (فائل فوٹو: اےا یف پی)

انڈیا کے خلاف حالیہ سیریز میں کیمرون گرین نے اپنی بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے بھی جوہر دکھائے تھے اور اس سیریز میں انہوں نے 214.54 کے سٹرائک ریٹ سے 118 رنز بنائے تھے۔

نکولس پورن

ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن دنیا بھر کی ٹی20 لیگز کھیل چکے ہیں اور حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد وہ کپتانی سے بھی دستبردار ہوگئے تھے۔
انہیں آئی پی ایل کی فرینچائز سن رائزرز حیدرآباد نے بھی ریلیز کردیا ہے اور وہ پلیئرز ڈرافٹنگ میں نیلامی کے لیے ایک بار پھر موجود ہوں گے۔
نکولس پورن کا ٹی20 کرکٹ میں سٹرائک ریٹ 141 ہے اور وہ ویسٹ انڈیز کے دوسرے کھلاڑی جیسن ہولڈر کی طرح آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔

نکولس پورن کا ٹی20 کرکٹ میں سٹرائک ریٹ 141 ہے۔ (فائل فوٹو: بی سی سی آئی)

ریلی روسو

جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ بیٹنگ کرنے والے بیٹر ریلی روسو حالیہ میچوں میں بہترین فارم میں نظر آئے ہیں اور صرف اکتوبر کے ماہ میں انہوں نے انڈیا اور بنگلہ دیش کے خلاف جارحانہ سینچریاں سکور کی تھیں۔
ریلی روسو دنیا بھر کی ٹی20 لیگز میں مقبول ہیں لیکن آئی پی ایل وہ صرف اپنے کیریئر میں دو بار 2014 اور 2015 میں کھیلے ہیں۔
پچھلے سال کی ڈرافٹنگ میں بھی ان کا نام موجود تھا لیکن انہیں کسی ٹیم نے نہیں خریدا تھا۔ اس بار ان کی جارحانہ بیٹنگ دیکھتے ہوئے یہ امید کی جا رہی ہے کہ ان کا شمار آئی پی ایل کے بڑے ناموں میں ہوگا۔

شیئر: