Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں برفباری کا آغاز، کئی علاقوں میں شدید سردی پڑے گی

بعض علاقوں میں بدھ سے درجہ حرارت ایک ڈگری تک کم ہوجائے گا ( فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی عرب میں برفباری کے موسم کا آغاز ہوگیا۔ تبوک ریجن کے پہاڑی علاقے اللوز نے سفید چادر اوڑھ لی۔
الوطن اخبار کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے بیان میں کہا کہ پیر اور منگل سے الظھر، حدود شمالیہ ریجن میں عرعر، طریف، حزم الجلامید، الجوف اور القریات میں بھی برفباری شروع ہونے کا امکان ہے۔
 مملکت کے بعض علاقوں اور شہروں میں بدھ سے درجہ حرارت ایک ڈگری تک کم ہوجائے گا۔ 
قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل کا کہنا ہے کہ’ مملکت کے بیشترعلاقوں میں موسم غیر مستحکم رہے گا۔ دوبارہ  بارش کا امکان ہے‘۔
تبوک، حقل الوجہ، ضبا، املج، نیوم، شرما، تیما، مکہ مکرمہ، جدہ، رابغ، طائف، مدینہ  منورہ اور باحہ میں پیر کو بارش متوقع ہے۔
العقیل کا کہنا ہے کہ ’منگل تک حائل، حدود شمالیہ، عسیر، جازان اور نجران میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ’ پیر اور منگل کو قصیم، بریدہ، عنیزہ، الرس، مشرقی ریجن، ریاض اور ان کی متعدد کمشنریوں میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ 
 گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوجائے  گی۔ تیز ہواؤں کا سلسلہ پیر کو الجوف، حدود شمالیہ میں شروع ہوگا پھر منگل سے حائل، قصیم، الشرقیہ اور ریاض تک پھیل جائے گا۔
گرد آلود ہوائیں، نجران، عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ اور اس کے ساحلی مقامات کو اپنی لپیٹ میں لیں گی۔ 
 تبوک، الجوف، حدود شمالیہ، حائل، قصیم اور مدینہ منورہ کے شمالی علاقوں میں شدید سردی پڑے گی۔ ان مقامات پر کم ازکم درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ منفی سے چار سینٹی گریڈ منفی تک جائے گا۔ 

شیئر: