Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وہ سچ بول رہی ہیں‘، سابق شوہر راکھی ساونت کے حق میں بول پڑے

راکھی ساونت نے 12 جنوری کو عادل خان درانی کے ساتھ شادی کی تھی (فوٹو: انسٹاگرام، راکھی ساونت)
حال ہی میں دوسری شادی کرنے والی انڈین اداکارہ راکھی ساونت کے پہلے شوہر ریتیش راج سنگھ نے کہا ہے کہ وہ ان کی زندگی میں آنے والے مسائل سے واقف ہیں اور وہ ان کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریتیش راج سنگھ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ راکھی ساونت اور ان کے دوسرے شوہر کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔
چند روز پیشتر راکھی ساونت نے اپنے دوسرے شوہر عادل خان درانی پر تشدد اور مالی معاملات میں گڑبڑ کے الزامات لگائے تھے اور ان کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔
 ویڈیو میں ریتیش نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا راکھی ساونت پھر سے تعلق کا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی وہ عادل خان درانی کے خلاف کوئی بغض رکھتے ہیں۔
اپنی ویڈیو کے حوالے سے ریتیش نے ای ٹائمز کو بتایا کہ ’میں جانتا ہوں کہ وہ کس طرح مسائل کی لپیٹ میں آئیں تاہم انہیں اس پر بات کرنی چاہیے، میں اس کے بعد اس معاملے میں آؤں گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں سب کچھ جانتا ہوں اور لوگ حیران ہیں کہ راکھی ساونت کے ساتھ یہ پھر سے کیسے ہو گیا۔ سچی بات یہ ہے کہ کیا میرے ساتھ دو بار اس سے کچھ ملتا جلتا نہیں ہوا؟‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ میں غلط ہوں۔ وہ (راکھی ساونت) میرے لیے بہت اہم ہیں۔ میرے والدین کے بعد سب سے زیادہ محبت انہوں نے ہی دی اور خیال رکھا۔‘
انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ انہیں راکھی نے بتایا تھا کہ ’عادل نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی تھی، جس پر انہیں کہا کہ ایسے شخص کو چنیں، جو آپ کا خیال رکھ سکے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جہاں تک میری بات ہے تو راکھی میرے بارے میں سب کچھ پہلے سے جانتی تھیں اس لیے میں نے انہیں کبھی کوئی دھوکہ نہیں دیا۔‘

راکھی ساونت کے پہلے شوہر ریتیش راج سنگھ نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی ہے (فوٹو: انسٹاگرام) 

راکھی ساونت نے اپنی انسٹاگرام سٹوریز میں جمعرات کو ریتیش کے انٹرویو کے چند ٹکڑے شیئر کیے تھے۔
ان کے دوسرے شوہر عادل خان درانی کو رواں ہفتے کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا اور آج کل جیل میں ہیں۔
اے این آئی نے راکھی ساونت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’عادل اکثر میرے گھر آ کر دھمکیاں دیتا ہے۔‘
اسی طرح مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر بات کرتے ہوئے بھی انہوں نے کہا کہ عادل نے ان سے تعلق توڑ لیا ہے اور اب اپنی دوست کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
ریتیش کا ویڈیو میں یہ بھی کہنا تھا کہ ’لوگوں نے راکھی پر شکوک کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے اسی لیے میں نے اس معاملے پر بولنے کا فیصلہ کیا۔ یہ عام لوگ نہیں ہیں بلکہ ایجنڈے کے تحت ایسا کر رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’اس پر یقین کرنا کافی مشکل ہے کہ کسی نے راکھی کو تشدد کا نشانہ بنایا کیونکہ وہ بہت مضبوط خاتون ہیں۔‘
انہوں نے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ راکھی ساونت کی باتوں پر یقین کریں۔
انہوں نے اپنی علیحدگی کا ذمہ دار چند لوگوں اور حالات کو قرار دیا۔
راکھی ساونت نے بگ باس 15 میں ریتیش کو اپنے شوہر کے طور پر متعارف کروایا تھا تاہم بعد میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ تھے اس لیے ان کی شادی ختم ہو گئی تھی۔

شیئر: