Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انشورنس کی رقم کے لیے اپنا جنازہ نکالنے والی خاتون کا راز فاش

خاتون نے بیمہ کلیم کے ذریعے 20 لاکھ ڈالر حاصل کیے تھے (فوٹو: ٹوئٹر)
اردن میں خاتون نے انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے مرنے کا ڈرامہ کیا تاہم وہ ناکام ہو گیا۔ 
خاتون نے تین انشورنس کمپنیوں سے 20 لاکھ ڈالر کی بیمہ پالیسیاں لے رکھی تھیں۔ 
عاجل نیوز کے مطابق اردن کے ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ وسیع البنیاد تحقیقات کے ذریعے خاتون کی جعلسازی کا سراغ لگا لیا گیا۔
ملزمہ نے 2022 کے آخر میں کئی لوگوں کی مدد سے خود کومردہ ظاہر کرتے ہوئے انشورنس کمپنیوں سے 20 لاکھ ڈالر بیمہ کی مد میں حاصل  کر لیے تھے۔ 
اردنی خاتون نے تین انشورنس کمپنیوں میں لائف انشورنس سکیم حاصل کی تھی۔ انہوں نے  اکتوبر 2022 کے دوران اپنی ’فرضی موت‘ کا اعلان کیا۔ باقاعدہ جنازہ بھی اٹھایا گیا۔ گھر پر تعزیتی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ یہ سب کچھ وکلا کے ذریعے لائف انشورنس پالیسی کا کلیم حاصل کرنے کے لیے کاغذی کارروائی مکمل کرانے کے لیے کیا گیا تھا۔ 
انشورنس کمپنیوں کے ماہرین کو خاتون کی فائل پر شک گزرا تھا۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ خاتون نے انشورنس پالیسی کیش کرانے کے لیے میڈیکل فائل جمع نہیں کرائی تھی۔ انشورنس کمپنی نے سکیورٹی فورس سے رابطہ کیا۔ تفتیشی ٹیم نے خاتون کی موت کی حقیقت جاننے کے لیے کارروائی کی تو پتہ چلا کہ موت کا واقعہ فرضی ہے۔
پولیس اہلکاروں نے وہ قبر بھی کھو لی جس کے حوالےسے دعوٰی کیا گیا تھا کہ مذکورہ خاتون کی یہاں تدفین کی گئی ہے۔ کھدائی سے پتہ چلا کہ قبر میں خاتون کے بجائے پلاسٹک کا ایک کھلونا موجود ہے۔ 
آر ٹی کے مطابق خاتون کا نام البتول بتایا گیا ہے۔ انہوں نے مشرقی عمان کے پرائیویٹ ہسپتالوں اور پوسٹ مارٹم سیکشن میں کام کرنے والے آٹھ افراد کے ساتھ سازباز کرکے انشورنس کمپنیوں کے ساتھ جعلسازی کی تھی۔ ان میں سے چھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن میں خاتون کا باپ بھی شامل ہے جو شعبہ سیاحت سے منسلک ہے۔ 

شیئر: