Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مالیاتی اداروں میں سعودائزیشن کی شرح 77 فیصد ریکارڈ

لوکلائزیشن مہم کا مقصد سعودیوں کے لیے ملازمت کے مزید مواقع پیدا کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
مملکت کے مارکیٹ ریگولیٹر کے اعداد و شمار کے مطابق  گزشتہ برس 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں مالیاتی مارکیٹ کے اداروں میں سعودائزیشن کی شرح 77 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے سہ ماہی بلیٹن میں دیگر شعبوں میں سعودائزیشن کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
مارکیٹ ریگولیٹر کے اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ کے اہم انفراسٹرکچر اداروں میں سعودائزیشن کی شرح 2021 کی اسی سہ ماہی میں 90 فیصد کے مقابلے چوتھی سہ ماہی میں 91 فیصد تک بڑھ گئی۔
دریں اثنا، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں میں سعودائزیشن کی شرح 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں 44 فیصد کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو ایک برس قبل 26 فیصد تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ’ مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سعودائزیشن کی شرح 76 فیصد تک پہنچ گئی جو 2021 کی چوتھی سہ ماہی میں 73 فیصد تھی‘۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ’ کیپٹل مارکیٹ کے اداروں میں 2022 کی چوتھی سہ ماہی میں مجموعی طور پر 743.3 بلین ریال کا انتظام کیا گیا۔ سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کے فنڈز کی تعداد 25 فیصد بڑھ کر 941  تک پہنچ گئی جو 2021 کی چوتھی سہ ماہی میں 751 تھی‘۔
سعودی انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت نے عندیہ دیا ہے کہ’ وہ سعودائزیشن مہم کو وسعت دے گی تاکہ نئے پیشوں اور سرگرمیوں کو شامل کیا جا سکے جس میں پراجیکٹ مینجمنٹ، پروکیورمنٹ اور سیلز آؤٹ لیٹس، شپنگ اور فریٹ بروکریج آؤٹ لیٹس، سجاوٹ اور خواتین کے ٹیلرنگ کے کاروبار شامل ہیں‘۔
لوکلائزیشن مہم کا مقصد نوجوان سعودی مرد اور خواتین کے لیے ملازمت کے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔

شیئر: