Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے شکست کے جبڑے سے فتح چھین لی

 انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے بیٹر رِنکو سنگھ نے دفاعی چیمپیئن گجرات ٹائٹنز کے خلاف تاریخ رقم کرتے ہوئے آخری اوورمیں پانچ لگاتار چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اتوار کے روز احمد آباد میں دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے میچ میں گجرات ٹائٹنز نے جیت کے لیے کے کے آر کو 205 رنز کا ہدف دیا۔

گجرات ٹائٹنز کی جانب سے وجے شنکر نے 63، سائی سودرشن نے 53 اور شبمان گِل نے 39 رنز سکور کیے۔
کے کے آر کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے مِسٹری سپنر سنیل نارائن نے تین اور سویاش شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔
205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کے کے آر نے بھی پر اعتماد بیٹنگ کی تاہم میچ میں قائم مقام کپتان راشد خان کی سپن بولنگ کے جال میں کے کے آر کے بیٹرز بری طرح پھنس گئے۔
راشد خان نے 17 ویں اوور کی پہلی تین گیندوں پر آندرے رسل، سنیل نارائن اور شاردُل ٹھاکر کو آؤٹ کر کے رواں سیزن کی پہلی ہیٹرک مکمل کی۔
کلکتہ نائٹ رائڈرز کو آخری آٹھ گیندوں پر 39 رنز درکار تھے جبکہ ان کی سات وکٹیں بھی گر چکی تھیں تو یہی گمان کیا جا رہا تھا کہ گجرات ٹائٹنز یہ میچ بآسانی جیت جائے گی۔
تاہم کے کے آر کے بیٹر رِنکو سنگھ نے یش دیال کی آخری پانچ گینوں پر پانچ چھکے لگا کر تاریخ رقم کر دی۔
آخری اوور میں کے کے آر کو 29 رنز درکار تھے۔
20 ویں اوور کی پہلی گیند پر اُمیش یادو نے ایک رن بناتے ہوئے سٹرائیک رِنکو سنگھ کو دی جس کے بعد رِنکو سنگھ نے اگلی پانچ گیندوں پر پانچ چھکے جڑ دیے۔
رِنکو سنگھ نے اپنی تاریخی اننگز میں 21 گیندوں پر چھ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 48 رنز سکور کیے۔
25 سالہ بیٹر کی شاندار اننگز کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر صارفین بھی تعریف کا اظہار کر رہے ہیں۔
کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان نے رِنکو سنگھ کی ایڈٹ کی ہوئی تصویر شیئر کی اور کہا کہ ’جھومے جو رِنکو، میرے بے بی رِنکو سنگھ، نتیش رانا اور وینکاٹیش ایئر تم لاجواب ہو۔ اور یاد رکھو یہ یقین ہی کافی ہے۔ کے کے آر کو مبارک اور وینکی میسور اپنے دل کا خیال رکھنا سر۔‘
احسن لکھتے ہیں کہ ’رِنکو نے ایک ناقابل یقین کام کیا ہے۔ وہ گزشتہ سیزن میں بھی میچ جیتنے کے لیے اتنے قریب آگئے تھے لیکن ناکام رہے تھے۔ اس مرتبہ انہوں نے دھواں دھار کامیابی حاصل کر لی۔ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے عظیم انفرادی اننگز مظاہرہ۔‘
جانز نے رِنکو کے آخری چھکے کے لمحے کے بارے میں کہا کہ ’آئی پی ایل کی تاریخ کا عظیم لمحہ۔ شکریہ رِنکو۔‘
انڈٰیا کے سابق فاسٹ بولر ظہیر خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’راشد خان کی ہیٹ ٹرک کے بعد ایسا لگا جیسے سب ختم ہے۔ لیکن آخری بات گیندوں میں رِنکو سنگھ کے چھ چھکے  اور ایک چوکا کے کے آر کے لیے آئی پی ایل کی تاریخ کا عظیم  کاروائی ثابت ہوا۔‘
ہمانشو پاریک نے ایک دلچسپ یاد تازہ کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ ’سنہ 2018 میں رِنکو سنگھ نے فیس بُک پر اپنا فین کلب بنایا تھا۔ اس پر انہیں ٹرول کیا گیا تھا اور آج انہوں نے آئی پی ایل میچ کا بہترین اختتام فراہم کیا ہے۔‘
 

شیئر: