Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ آتشزدگی: آٹھ پاکستانی عمرہ زائرین کی تدفین اور معاوضے کی ادائیگی کے لیے اقدامات

جدہ میں پاکستانی مشن مقامی حکام اور ورثا کے ساتھ رابطے میں ہے( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں مکہ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعہ میں مرنے والے آٹھ پاکستانی عمرہ زائرین کی تدفین کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ’ مرنے والوں کی میتیں پاکستان بھجوانے کے حوالے سے ابھی تک کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔اگر ایسی کوئی درخواست موصول ہوئی تو مقامی قوانین اور طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی جائے گی‘۔
یاد رہے کہ جمعرات کی شب مکہ میں ابراہیم خلیل روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں آتشزدگی کا یہ واقعہ پیش آیا تھا۔
 ’ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ آگ ہوٹل کی تیسری منزل پر شارٹ سرکٹ سے ایک کمرے میں لگی جس نے دیگر کمروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے سے چار کمروں کو نقصان پہنچا۔‘
قبل ازیں ہلاکتوں کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ ’مکہ کے ہوٹل میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 8 ہلاکتوں اور 6 پاکستانیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔‘
 ’جدہ میں پاکستانی مشن مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی مدد کی جا سکے۔‘
پاکستان قونصیٹ کے ترجمان نے اردونیوز کو بتایا کہ’ مرنے والوں کی شناخت کےلیے تمام ضروری دستاویزات جمع کی گئی ہیں۔ متاثرین کے خاندانوں کو تمام معلومات اور مدد فراہم کی جارہی ہے‘۔ 
’مرنے والوں کے قانونی ورثا سے رابطے کے بعد ان کی رضامندی سے میتوں کی سعودی عرب میں تدفین یا پاکستان بھیجنے کے حوالے سے انتظامات کیے جا رہے ہیں‘۔
ترجمان کے مطابق ’نعشوں کی شناخت اور تدفین کے بعد قونصلیٹ کا ویلفیئر سیکشن ورثا کو قانون کے مطابق معاوضے کی ادائیگی کے معاملے کو حل کرے گا‘۔
’  ویلفیئر سیکشن عمرہ کمپنیوں کے ساتھ ان کی انشورنس کوریج کا جائزہ لینے کےلیے تعاون کرے گا۔ بعدازاں سعودی دفتر خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ مرنے والوں کے قانونی ورثا کو معاوضے کی ادائیگی کی جاسکے‘۔
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پنجاب کے نگران وزیراعلٰی محسن نقوی نے مکہ کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے 8 پاکستانی عمرہ زائرین کی اموات پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
سنیچر کو پاکستان کے وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کو  زخمیوں کی بہترین دیکھ بھال کی بھی ہدایت کی ہے۔ 

شیئر: