Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سویڈن کا واقعہ: پاکستان میں جمعہ کو یوم تقدیس قرآن منانے کا اعلان

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے (فائل فوٹو: شہباز شریف ٹوئٹر)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے 7 جولائی کو یوم تقدیس قرآن منانے کا اعلان کیا ہے۔اس دن ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
قرآن نذر آتش کرنے کے واقعے کے خلاف قومی لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے معاملے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے جمعہ 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’جمعہ 7 جولائی کو قرآن کی بے حرمتی کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔‘
انہوں نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم سے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی۔
 شہباز شریف نے مزید بتایا کہ ’جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔‘
’جمعے کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں، پوری قوم ایک زبان ہو کر قرآن کی بے حرمتی کرنے والوں کو پیغام دے گی۔‘
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے اور قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔‘
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں مشترکہ قرارداد منظور کی جائے، وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ ن کو جمعے کے روز یوم تقدیس قرآن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی۔

شیئر: