Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بچوں کے ساتھ سفر پر نکلنے سے قبل کون سی باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟

سیر و تفریح کے لیے بچوں کے ہمراہ نکلنا کافی مشکل ہوتا ہے خاص طور پر جب بچے چھوٹے ہوں۔ اس صورت میں بعض والدین کو قدرے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کی تفریح بھی خراب ہو سکتی ہے۔ 
اگر آپ کا ارادہ بچوں کے ساتھ تفریح پر اندرون یا بیرون ملک جانے کا ہے تو چند اہم امور پیش کیے جا رہے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ سفر کے دوران محظوظ رہ سکتے ہیں۔ ذیل میں پیش کیے جانے والے نکات سیر و سیاحت کے ماہرین نے کافی تحقیق کے بعد مرتب کیے ہیں۔ 
فلائٹ بکنگ رات کے وقت
وہ افراد جو چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر پر نکلنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ رات کی فلائٹ لیں کیونکہ دوران سفر بچے سو جاتے ہیں اور ان کے بیدار ہونے تک منزل آجاتی ہے اس  وقت آرام سے گزر جاتا ہے۔ 
شیرخوار کے لیے جہاز میں بیڈ کی بکنگ
تمام ہوائی جہازوں کی فرنٹ سیٹوں کے ساتھ ہی ڈیوائیڈر وال ہوتی ہے۔ کوشش کریں کہ اس دیوار پر بچے کے لیے بیڈ کا بندوبست کر لیں۔ علاوہ ازیں ہوائی جہازوں میں شیرخوار بچوں کے لیے محدود تعداد میں مخصوص نشستیں ہوتی ہیں۔ اگر ممکن ہو تو وہ حاصل کر لیں۔ 
تفریحی وسائل
کوشش کریں کہ اپنے ساتھ فاسٹ فوڈ یا سنیکس رکھیں۔ ہینڈ کیری میں بچوں کے اضافی کپڑے، نیپکن اور پیمپرز رکھنا نہ بھولیں۔ 
سفر پرنکلنے سے قبل اپنے بچے کا پسندیدہ کھلونا رکھنا نہ بھولیں جسے لے کر وہ سونے کا بھی عادی ہو۔ 
سامان کی پیکنگ میں دلچسپی
سفر کے لیے لے جانے والے سامان کے حوالے سے بچوں کی رائے کو بھی شامل کریں۔ اگرآپ کے بچے اس قابل ہیں کہ وہ اپنا سامان کیری کرسکیں تو بہتر ہے کہ انہیں کوئی شولڈر بیگ خرید کر دیں جس میں وہ اپنی پسند کا سامان رکھ سکیں۔ 

سفر کے دوران بچوں کے لیے سنیکس ضرور رکھیں (فوٹو: سیدتی)

بچوں کے سائز کا ہیڈ فون
اگر بچے جہاز میں فراہم کیے جانے والے ہیڈ فون کو استعمال نہیں کرسکتے تو بہتر ہے کہ ان کے لیے مخصوص ہیڈ فون حاصل کریں جس کی آواز کا لیول بچوں کے مطابق ہوتا ہے۔ ہیڈ فون کے ساتھ اس کا مخصوص ساکٹ لینا نہ بھولیں جو جہاز کے ساکٹ سے میچ کرتا ہو۔ 
بچوں کی سلامتی
سفر کے دوران بچوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پہلے ہی متعلقہ معلومات حاصل کر لیں۔ سفر سے قبل آپ شیرخوار بچوں کے لیے مخصوص سیٹ کے حوالے سے فضائی کمپنی سے دریافت کر لیں کہ وہ بچوں کے لیے مخصوص سیٹ لانے کی اجازت دیتے ہیں یا اس سیٹ کو کارگو میں بک کرانا ہوگا۔
پرام (بچوں کی گاڑی)  
بعض فضائی کمپنیاں بچوں کے لیے مخصوص گاڑی (پرام) کی سہولت فراہم کرتی ہیں جس کا حصول ایئرپورٹ سے ممکن ہوتا ہے۔ اس لیے سفر کی تاریخ سے قبل اس امر کی یقین دہانی کرلیں کہ فضائی کمپنی کے پاس مذکورہ سہولت ہے یا نہیں۔ 
اگر فضائی کمپنی کے پاس بچوں کے لیے پرام کی سہولت نہیں اور آپ کو اس کی ضرورت ہے تو اسے اپنے ساتھ رکھنا نہ بھولیں۔ 

جس مقام پر آپ جانا چاہتے ہیں اس کے بارے میں سفر سے قبل معلومات حاصل کریں (فوٹو: سیدتی)

اپنی منزل کا درست تعین
جب بھی کسی سفرکی منصوبہ بندی کریں تو سب سے پہلے اپنی منزل کے بارے میں درست اور مکمل معلومات حاصل ک رلیں۔ بعض علاقے پہاڑی سیاحت کے حوالے سے مشہور ہوتے ہیں جہاں بچوں کی گاڑی چلانا ممکن نہیں ہوتا اس صورت میں آپ کو اپنے شیر خوار بچوں کے لیے ’کیری بیگ‘ کی ضرورت ہوگی تاکہ بچے کو اس میں ڈال کر بہتر طور پر چلا جا سکے۔ 
منزل کے بارے میں معلومات
جس مقام پر آپ جانا چاہتے ہیں اس کے بارے میں بنیادی معلومات سفر سے قبل حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ آپ کا سفر خوشگوار گزرے۔  بہتر ہو گا کہ سفر پر روانہ ہونے سے قبل اس ملک کی زبان کے اہم و بنیادی الفاظ سے واقفیت حاصل کرلی جائے تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔  

شیئر: