Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فون کی بیٹری کو تیزی سے ختم کرنے والی ایپس کون سی ؟

ماہرین کے مطابق موبائل فون کو چارج کرنے کے لیے اصل چارجنگ کیبل ہی استعمال کی جائے۔ (فوٹو: انسپلیش)
سمارٹ فون خاص طور پر آئی فون رکھنے والوں کو عام طور پر جس شکایت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس میں سرفہرست بیٹری کا تیزی سے ختم ہونا ہے۔
عربی میگزین سیدتی میں شائع رپورٹ کے مطابق فنی ماہرین کے نزدیک سوشل میڈیا کی ایپس اور ڈیجیٹل گیمز کا استعمال ان اہم وجوہات میں شامل ہے جو تیزی سے بیٹری کا چارج ختم کرنے کا باعث بنتی ہیں۔
خاص طور پر ایسی ایپس جو فون کے بیک گراؤنڈ میں ایکیٹیو رہتی ہیں اگرچہ آپ انہیں استعمال نہ بھی کریں ان کی وجہ سے  آپ کے سمارٹ فون کی بیٹری تیزی سے خرچ ہوتی رہتی ہے۔

اہم ایپس جو بیٹری جلد خرچ کرتی ہیں

ماہرین کے نزدیک سوشل میڈیا کے معروف ایپس فیس بک، انسٹاگرام، ٹوئٹر، سنیپ چیٹ اور ٹک ٹاک کا شمار سماجی رابطے کی ان ایپس میں ہوتا ہے جو موبائل فون کی بیٹری کو سب سے زیادہ استعمال کرتی ہیں۔
یہ اس وجہ سے ہوتا ہے کہ مذکورہ ایپس میں متعدد امور ایکیٹو رہتے ہیں جن میں موبائل کے کیمرے، مائیکروفون، اور لوکیشن شامل ہیں۔ مذکورہ بالا ایپس کے پروگرام ان فنکشنز کوایکٹیو رکھتی ہیں جس کی وجہ سے بیٹری پر لوڈ ہوتا ہے اور وہ خرچ ہوتی رہتی ہے۔
ان کے علاوہ حال ہی میں میٹا کمپنی کی جانب سے نئی لانچ کی گئی ایپ ’تھریڈز‘ بھی سوشل میڈیا پر رابطے کی ان ایپس میں شامل ہے جو تیزی سے بیٹری کے خرچ ہونے کا باعث بنتی ہیں۔
اس حوالے سے تھریڈز کے بیشتر صارفین نے بھی یہ شکایت کی ہے کہ مذکورہ ایپ نے اگرچہ تیزی سے مقبولیت کا ریکارڈ قائم  کیا ہے تاہم یہ ایپ موبائل کی بیٹری بھی اتنی ہی تیزی سے خرچ کرتی ہے جس تیزی سے یہ مقبول ہوئی ہے۔

کچھ لوگ بیٹری چارج کرنے کے لیے اپنے ساتھ پاور بینک بھی رکھتے ہیں۔ (فوٹو: فری پک)

علاوہ ازیں لائیو براڈ کاسٹنگ ایپ  نیٹ فلکس اور سپاٹیفائی کا شمار بھی ان بدترین ایپلی کیشنز میں ہوتا ہے جو تیزی سے موبائل کی بیٹری کو خرچ کرتی ہیں ان کے ساتھ ایمیزون بھی شامل ہے۔
موبائل کی بیٹری تیزی سے خرچ کرنے والی ایپس درجہ بندی کے حساب سے فیس بک پہلے، ٹوئٹر دوسرے، انسٹاگرام تیسرے، سنیپ چیٹ چوتھے، ٹک ٹاک پانچویں، اوبر چھٹے، ایمیزون ساتویں، سپاٹیفائی آٹھویں، نیٹ فلکس نویں اور کینڈی کرش دسویں نمبر پر ہے۔

بیٹری کو تیزی سے خرچ ہونے سے کیسے بچایا جائے؟

ماہرین نے موبائل فون کی بیٹری کو تیزی سے خرچ ہونے سے بچانے کے لیے بعض تجاویز پیش کی ہیں جو درج ذیل ہیں۔
۔ موبائل کے بعض آپشنز کو بند کر دیں جن میں کیمرے اورمائیکروفون کا استعمال شامل ہے۔
۔ موبائل میں لوکیشن ایکٹیویشن کو ضرورت کے وقت ایکیٹو کرنے کے آپشن کو آن کریں۔
۔ موبائل کے بیک گراونڈ میں ایپلکیشنز کی اپ ڈیٹ کو آف  کر دیں  تاکہ یہ از خود ایکیٹو نہ ہو بلکہ ضرورت پڑنے پرمحدود ایپس کو اپ ڈیٹ کیا جا سکے۔

فون کے زیادہ استعمال سے بھی بیٹری کمزور ہو جاتی ہے۔ (فوٹو: فری پک)

فون بیٹری کی حفاظت کے لیے چند تجاویز

ہمیشہ اس بات کو مدنظر رکھا جائے کہ موبائل کی بیٹری کو اس وقت چارج کریں جب یہ 20 فیصد یا اس سے کم رہ جائے۔ فون کو رات بھر کے لیے چارجنگ پر نہ رکھا جائے۔
موبائل فون کو چارج کرنے کے لیے اصل چارجنگ کیبل ہی استعمال کی جائے غیرمعیاری کیبل کے استعمال سے بیٹری کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عام طور پر موبائل کی بیٹری مسلسل استعمال کے دو برس بعد اپنی صلاحیت کھونے لگتی ہے اس لیے مقررہ مدت کے بعد کوشش کریں کہ بیٹری تبدیل کر لی جائے خاص کر اگربیٹری بغیر کسی وجہ سے تیزی سے ختم ہو رہی ہو۔

شیئر: