Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانیوں کے لیے ویزا جاری کرنے کا عمل تیز کردیا ہے: امریکی سفارت خانہ

حکام کے مطابق ’امریکی ویزے کی ’غیر معمولی‘ طلب کو دیکھتے ہوئے اس کے دورانیے کو کم کیا جا رہا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے پاکستانیوں کے لیے ویزے کے اجرا کا عمل تیز کردیا ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے منگل کو بتایا کہ ’امریکی ویزے کے لیے پاکستانیوں کی درخواستوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔‘
’پاکستانیوں کے لیے امریکی ویزے کی ’غیر معمولی‘ طلب کو دیکھتے ہوئے اس کے دورانیے کو کم کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔‘
کراچی میں امریکہ کے قونصل خانے کا کہنا ہے کہ ’امریکی ویزوں کی طلب پاکستان میں اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔‘
قونصل خانے نے مزید کہا کہ ’وہ ویزا انٹرویو کے لیے درکار وقت کے دورانیے کو کم کرنے کے لیے ’بہت کوشش‘ کر رہا ہے۔‘
امریکہ کے سفارت خانے نے بتایا کہ ’پاکستانیوں میں امریکی ویزے کی طلب میں اضافے کو دیکھتے ہوئے ماضی کی نسبت زیادہ سے زیادہ ویزا درخواستوں کو نمٹایا جا رہا ہے۔‘
عرب نیوز پاکستان کے مطابق ’ملک میں روپے کی قدر میں کمی اور معاشی پالیسیوں میں عدم تسلسل کی وجہ سے رواں برس اگست میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصد تک پہنچ گئی۔‘
اس کے علاوہ ملک میں سیاسی بدامنی اور معاشی بدحالی نے پاکستانیوں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ بیرون ملک جانے کے مختلف آپشنز پر غور کریں۔
بے شمار پاکستانیوں کا خیال ہے کہ کئی دہائیوں کی بدعنوانی، بدانتظامی، سیاسی عدم استحکام اور اقتصادی پریشانیوں کا کوئی فوری حل نہیں، لہٰذا بہتر ہے کہ بیرون ملک نئے راستے تلاش کیے جائیں۔
امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق ’رواں برس اگست تک 5 لاکھ 40 ہزار سے زائد پاکستانی ملک چھوڑ چُکے ہیں۔‘
ان اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’ان افراد میں سے 15 ہزار 52 اعلٰی تعلیم یافتہ تھے جبکہ 31 ہزار 130 انتہائی ہُنرمند کارکن تھے۔‘

شیئر: