Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انڈیا روایتی حریف ہیں نہ کہ دشمن: ذکا اشرف

پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے انڈیا میں موجود ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انڈیا میں ٹیم کے شاندار استقبال سے واضح ہے کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے کھلاڑیوں سے کس قدر پیار کرتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ذکا اشرف نے ذاتی طور پر بھی انڈین حکام کو پرتپاک استقبالیے کا اہتمام کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
جمعرات کو پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے لیے انڈیا کے شہر حیدر آباد پہنچی تو شائقین نے ان کا شاندار استقبال کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ’تھینک یو انڈیا‘ کا ٹرینڈ بھی چلنا شروع ہو گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے ایک حالیہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں کبھی کھلاڑیوں کو اتنی رقم نہیں ملی جتنی میں نے دی۔ مقصد ایک ہی تھا کہ ہمارے جتنے بھی کھلاڑی ہیں، ان کا مورال بلند ہونا چاہیے جب یہ دشمن ملک میں یا کسی بھی جگہ کھیلنے کے لیے جائیں، جہاں مقابلہ ہو رہا ہے۔‘
ذکا اشرف کے اس بیان پر اُن کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بیان کے مطابق ذکا اشرف نے مزید کہا کہ جب بھی انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں کرکٹ کے میدان میں قدم رکھتی ہیں تو وہ روایتی حریفوں کے طور پر مدمقابل ہوتے ہیں نہ کہ دشمنوں کی طرح۔
ذکاء اشرف نے امید ظاہر کی کہ پورے ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹرز کو ایسی ہی گرم جوشی ملے گی اور انڈین شائقین کو پاکستانی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب بھی پاکستانی مرد کھلاڑیوں کی ٹیم نے انڈیا کا دورہ کیا تو انہیں پرتپاک استقبال ملا، اسی طرح سے جیسے انڈین ٹیم کا پاکستان میں استقبال کیا گیا تھا۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بحالی کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ لاکھوں کرکٹ شائقین ایک دوسرے کے ملک میں ہونے والے میچز جا کر دیکھ سکیں۔
ذکا اشرف نے امید ظاہر کی کہ انڈین کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی جس سے پاکستان کو بھی حریف ٹیم کے لیے محبت کے اظہار کا موقع ملے گا۔

ورلڈ کپ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں دس ٹیمیں پاکستان، انڈیا، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیوزی لینڈ، نیدرلینڈز اور افغانستان حصہ لے رہی ہیں۔
ورلڈ کپ انڈیا کے دس شہروں میں کھیلا جائے گا جس میں احمدآباد، بنگلور، چنئی، نئی دہلی، دھرم شالہ، کولکتہ، لکھنؤ، ممبئی، پونے اور حیدرآباد دکن شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح میگا ایونٹ کا فائنل 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہاں خیال رہے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے یعنی اضافی دن رکھے گئے ہیں۔

شیئر: