Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی خاتون نے ایک شخص کو عوامی مقام پر تشدد سے کیسے بچایا؟

دبئی پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرانے پر نوف المزروعی کو اعزاز سے نوازا ہے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی خاتون شہری نوف المزروعی نے ایک شخص کو عوامی مقام پر تشد کا نشانہ بننے سے بچا لیا۔
دبئی پولیس نے پبلک مقام پر تشدد کرنے والوں کو گرفتار کرانے میں کردار ادا کرنے پر نوف المزروعی کو اعزاز سے نوازا ہے۔ 
اماراتی خاتون کا کہنا ہے ’جرم کو ناکام بنانے اور ملزموں کی گرفتاری میں تعاون میرا قومی فرض تھا۔‘
الامارات الیوم کے مطابق نوف المزروعی کا کہنا تھا ’لنچ ٹائم میں ریستوران جا رہی تھی۔ گاڑی میں بیٹھتے ہوئے میری نظر دو افراد پر پڑی جو ایک تیسرے شخص کا تعاقب کر رہے تھے پھر دونوں نے اسے زدوکوب کرنا شروع کر دیا اور گھسیٹتے ہوئے گاڑی کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔‘
پبلک مقام پر ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنتے دیکھ کر فوری طور پر گاڑی کا شیشہ اتارا اور انہیں تشدد سے روکنے کی کوشش کی۔
ان سے کہا ’آپ جو کچھ کررہے ہیں غیر قانونی ہے۔ کسی بھی شخص کو اس طرح زدوکوب کرنا خلاف قانون ہے۔‘
’میری مداخلت پر تشدد میں ملوث افراد گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔ فوری طور پر گاڑی کا نمبر نوٹ کیا اور سکیورٹی فورس کو  مطلع کیا۔‘
انہوں نے بتایا ’جس وقت تشدد کیا جا رہا تھا تو جائے وقوعہ پر اور بھی کئی لوگ موجود تھے مگر بڑے افسوس کی بات ہے کہ کسی نے مداخلت نہیں کی۔‘
دبئی پولیس ڈائریکٹر میجر جنرل عبداللہ المعصم  کا کہنا ہے کہ اماراتی خاتون نے جو کچھ کیا وہ فرض شناسی کی مثال ہے۔
’انہوں نے ذہانت سے کام لیتے ہوئے گاڑی کا نمبر نوٹ کر کے رپورٹ کی جس کی وجہ سے پولیس کو کارروائی کرنے میں آسانی ہوئی۔‘
پولیس نے تشدد کرنے والوں کو کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کیا ہے۔ 

شیئر: