Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی لڑاکا طیارہ ایف 16 جنوبی کوریا میں گر کر تباہ

حادثے کے دوران پائلٹ طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی لڑاکا طیارہ ایف 16 پیر کو جنوبی کوریا میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے تاہم پائلٹ طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثہ گنسن میں امریکی فضائیہ کے اڈے کے قریب پیش آیا ہے۔
امریکی لڑاکا طیارہ ایف 16 پیر کو تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا جبکہ پائلٹ محفوظ رہا۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے فوری طور پر اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کی۔ 
خیال رہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل امریکی فوجی طیارہ جس میں آٹھ افراد سوار تھے مغربی جاپان کے سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق کوسٹ گارڈ نے بتایا ہے کہ انہوں نے کشتیاں اور ہوائی جہاز یاکوشیما جزیرے میں بھیجے ہیں جہاں ٹلٹ روٹر وی 22 اوسپرے سے گر کر تباہ ہوا۔
حادثے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہو گیا تھا جبکہ دو کی حالت غیر واضح بتائی گئی تھی۔
رواں سال ستمبر میں امریکی فوج کا لاکھوں ڈالر کی مالیت کا سٹیلتھ جنگی طیارہ غائب ہو گیا تھا جس کی تلاش کے لیے عوام سے مدد کی اپیل کی تھی۔
حکام نے واقعے کو ’حادثہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایف 35 جنگی طیارہ ریاست جنوبی کیرولینا میں پرواز کر رہا تھا جب پائلٹ ایمرجنسی کی صورتحال میں ایجکٹ کر کہ جہاز سے باہر نکل گیا۔
امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے طیارہ کردہ ایف 35 جنگی طیاروں کی قیمت 8 کروڑ ڈالر ہے۔
خیال رہے کہ امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعات بھی تواتر سے پیش آتے رہے ہیں جس کے بعد اپریل میں آرمی کے چیف آف سٹاف نے پائلٹس کو گراؤنڈ کرنے کا حکم دیا تھا۔

رواں سال میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

رواں سال میں چند ہفتوں کے دوران امریکی فوج کے چار ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوئے تھے جس کے بعد ان تمام پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا جو کسی اہم مشن کا حصہ نہیں تھے۔
ستمبر میں ہی دو اپاچی ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں تین فوجی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔
امریکی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ چیف آف سٹاف جنرل جیمز میک کونویل کے احکامات کے مطابق تمام پائلٹس ضروری ٹریننگ مکمل کرنے تک ہیلی کاپٹر نہیں اڑا سکیں گے۔
گزشتہ چند برسوں میں امریکی فوج کے متعدد ہیلی کاپٹر اور طیارے گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔ رواں سال فروری میں ٹریننگ فلائٹ کے دوران ایک بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گرنے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
جبکہ اپریل میں دو اپاچی ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کا حادثہ پیش آیا تھا جس میں تین فوجی ہلاک جبکہ ایک زخمی تھا۔ اس واقعے سے دو ہفتے قبل ریاست کینٹکی میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوئے تھے جس میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

شیئر: