Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں نئے امریکی سفارتخانے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

سفارتخانے کا ڈیزائن سعودی روایتی طرز تعمیر اور جدید انداز پر مشتمل ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی دارالحکومت ریاض میں امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ تقریب میں امریکہ اور سعودی عرب کے متعدد عہدیدار شریک ہوئے۔  
ریاض کے ڈپلومیٹک زون میں امریکی سفارتخانے کی نئی عمارت 27.5 ایکڑ رقبے پر قائم ہو گی۔
سفارتخانے کا ڈیزائن سعودی عرب کے روایتی طرز تعمیر اور جدید انداز پر مشتمل ہے۔
سعودی نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی نے کہا کہ’ ریاض میں امریکہ کا نیا سفارتخانہ دنیا بھر میں امریکہ کے بڑے سفارتخانوں میں سے ایک ہو گا‘۔  

نیا امریکی سفارتخانہ سعودی عرب میں سب سے بڑا سفارتی کمپاونڈ ہوگا (فوٹو: عرب نیوز)

العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’امریکہ، سعودی عرب کا دوست ملک ہے۔ دونوں ملکو کے درمیان سٹرٹیجک شراکت ہے۔ بیشتر مسائل پر فریقین کا نکتہ نظر یکساں ہے‘۔
انہوں نے کہا ’امریکہ اور مملکت کے درمیان کچھ اختلافات بھی ہیں تاہم سعودی عرب اختلاف سے زیادہ ہم آہنگی والے نکات پر زیادہ توجہ مرکوز رکھتا ہے‘۔  
سوشل میڈیا پر تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے نے کہا’ یہ موقع مملکت اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی تعلقات میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے‘۔
مملکت میں امریکی سفیر مائیکل ریٹنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’نیا سفارتخانہ سعودی عرب میں سب سے بڑا سفارتی کمپاونڈ ہوگا اور یہ امریکہ اور سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت ہے‘۔

شیئر: