Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح کا 86 برس کی عمر میں انتقال

’شیخ نواف الأحمد الجابر الصباح کویت کے 16 ویں امیر تھے‘ (فائل فوٹو: سبق)
کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح آج 86 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
کویتی نیوز ایجنسی ’کونا‘ کے مطابق سنیچر کو ایوان شاہی نے امیر کویت کے انتقال کی خبر جاری کی۔
شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کویت کے 16 ویں امیر تھے۔ وہ کئی وزارتوں اور عہدوں پر فائز رہے۔
نومبر کے آخر میں انہیں طبی ایمرجنسی کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا, تاہم بعد میں انہیں مستحکم حالت میں قرار دیا گیا۔
شیخ نواف الاحمد کو ان کے سوتیلے بھائی شیخ صباح الاحمد الصباح نے 2006 میں ولی عہد نامزد کیا تھا اور جب شیخ صباح ستمبر 2020 میں 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے تو انہوں نے امیر کا عہدہ سنبھالا تھا۔
وہ شیخ صباح سے قبل کویت کے وزیر داخلہ اور دفاع کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
سنہ 1937 میں پیدا ہونے والے شیخ نواف 1921 سے 1950 تک کویت کے حکمران رہنے والے شیخ احمد الجابر الصباح کے پانچویں بیٹے تھے۔
انہوں نے اپنے سیاسی کریئر کا آغاز 25 برس کی عمر میں صوبہ حویلی کے گورنر کی حیثیت سے کیا تھا جہاں وہ 1978 تک رہے۔ اس کے بعد انہوں نے وزیر داخلہ کے طور پر اگلی دہائی کا آغاز کیا تھا۔

شیئر: