Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نور ریاض فیسٹیول 2023 چھ عالمی اعزازات اپنے نام کرنے میں کامیاب

فیسٹیول میں برج الفیصلیہ کو 560 لائٹوں سے روشن کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ ۔فوٹو: ایس پی اے
ریاض سٹی شاہی کمیشن کے تحت منعقد ہونے والا نور ریاض فیسٹیول 2023 تیسری مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے جبکہ چھ مزید عالمی اعزازات بھی اپنے نام کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق روشنیوں کا سب سے بڑا سالانہ میلہ 30 نومبر سے 16 دسمبر تک ریاض میں جاری رہا جس میں 30 لاکھ شائقین نے شرکت کی۔
ریاض آرٹ کے ڈائریکٹر خالد الحزانی کا کہنا ہے کہ، ’نور ریاض 2023 نے نہ صرف ہمارے شہر کو روشن کیا بلکہ ہمارے دلوں اور دماغوں کو بھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’دارالحکومت (ریاض) کو ایک متحرک اور تخلیقی عالمی مرکز اور ’بغیر دیواروں کے گیلری‘ میں تبدیل کرنے کا ہمارا سفر سعودی ویژن 2030 کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، اور ہم اس ارتقائی سفر میں اپنا حصہ ڈالنے پر پرجوش ہیں۔‘
فیسٹیول میں ریاض کی پہچان بننے والی دو مشہور عمارتوں کو بھی روشنیوں سے سجایا گیا۔ برج الفیصلیہ کو 560 لائٹوں سے روشن کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
فیسٹیول میں پرندوں کی شکل کے 3 ہزار ڈرونز اڑائے گئے جن سے آسمان جگمگا اٹھا۔
بلاک کیوبز کے نام سے دنیا کا سب سے بڑا سکیٹنگ پارک بھی فیسٹیول میں بنایا گیا۔ 
’صحرائی چاند کی روشن سائیڈ‘ کے نام سے منعقد ہونے والے فیسٹیول میں روشنی کو ایک ایسے عنصر کے طور پر پیش کیا گیا جو تنہائی میں متحد کرنے کی طاقت رکھتی ہے۔ شاہ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ، سلام پارک، واسی حنیفہ اور وادی نمار تک یہ روشنیاں پھیلائی گئیں۔
فیسٹیول اگرچہ اختتام پذیر ہو گیا ہے لیکن ریاض شہر ابھی بھی روشنیوں سے جگمگا رہا ہے جہاں ’مختلف شناختوں، یکساں خصوصیات‘ کے نام سے ایک اور نمائش جاری ہے۔
اس نمائش میں 16 ممالک سے تعلق رکھنے والے مختلف آرٹسٹوں کے 32 فن پارے رکھے گئے ہیں جن کی نمائش 2 مارچ تک جاری رہے گی۔

شیئر: