Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوسوو کے شہریوں کے لیے یورپی یونین میں ویزا فری سفر کا نفاذ

یورپی یونین میں ملازمت کی تلاش کے لیےسفر کی آزادی کا غلط استعمال نہ کریں۔ فوٹو گیٹی امیج
کوسوو کے باشندوں کو یورپ میں بغیر ویزا جانے کی اجازت دینے والی یورپی یونین کی ویزا سکیم طویل انتظار کے بعد پیر سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق نئی سکیم کا نفاذ اتوار کی رات سے ہوا ہے جو کوسوو کے شہریوں کو 180 دن کی مدت میں 90 دن تک بغیر ویزا شینگن زون کا سفر کرنے کے قابل بناتی ہے۔
کوسوو 18 لاکھ نفوس کی آبادی کے ساتھ مغربی بلقان کے چھ ممالک میں سے آخری ہے جو یورپی یونین میں شامل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
کوسوو کے دارالحکومت پرسٹینا میں ان اصلاحات کو مکمل شناخت کی جانب ایک اور قدم اور نئے عزائم کو فروغ دینے کے طور پر سمجھا جاتا ہے جس نے 2008 میں یورپی یونین میں شمولیت کے لیے آزادی کا اعلان کیا تھا۔
یورپی کمیشن کے مطابق یورپی یونین  کے لیے سرحد اور نقل مکانی کے انتظام کے پیش نظر کوسوو نے 2018 تک ویزا فری نظام کے لیے ضروری معیار کو پورا کیا، لیکن یہ منظوری فرانس اور ہالینڈ کی جانب سے روک دی گئی۔

کوسووا کے وزیراعظم اس مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

یورپی یونین کے پانچ دیگر ممبران قبرص، یونان، رومانیہ، سلوواکیہ اور سپین  ہجرت کی نئی سکیموں کے لیے فکر مند تھے اور ان پانچوں ممالک نے سربیا سے کوسوو کی آزادی کو تسلیم نہیں کیا۔
یورپی یونین کی جانب سے کوسوو کے ساتھ ویزا نظام ختم کرنے سے قبل اس ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے دنیا کے صرف 14 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے تھے۔

نئی سکیم 90 دن تک بغیر ویزا سفر کے قابل بناتی ہے۔ فوٹو گیٹی امیج

گزشتہ چند مہینوں کے دوران کوسوو کی حکومت پرسٹینا میں عوامی بیداری مہم چلا رہی ہے جس میں زور دیا گیا ہے کہ یورپی یونین میں ملازمتوں کی تلاش کے لیے سفر کی آزادی کا غلط استعمال نہ کریں۔
وزیراعظم البن کورتی جو خود اس مہم کی قیادت کر رہے ہیں، کوسوو کے باشندوں سے خطاب کریں گے جو دارالحکومت پرسٹینا کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بغیر ویزا یورپی یونین کے ممالک کی طرف روانہ ہوں گے۔

شیئر: