Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی کوریا کے اپوزیشن رہنما پر چاقو سے حملہ، ’اب ہوش میں ہیں‘

حملے کے نتیجے میں لی جے میونگ کی گردن پر ایک سینٹی میٹر گہرا زخم آیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
جنوبی کوریا کی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما لی جے میونگ کی گردن میں ایک نامعلوم شخص نے چاقو گھونپ دیا۔ یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب وہ جنوبی بندرگاہی شہر بوسان کے دورے پر تھے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پارٹی کے ایک عہدیدار اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جنوبی کوریا کی اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما لی جے میونگ اب ہوش میں ہیں اور انہیں مقامی یونیورسٹی کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی نیوز ایجنسی یونہاپ کے مطابق منگل کو لی جے میونگ پر ایک نامعلوم شخص نے اُس وقت حملہ کیا جب وہ ایک ہوائی اڈے کے لیے مختص جگہ کا دورہ کر رہے تھے۔
حملے کے نتیجے میں اُن کی گردن پر ایک سینٹی میٹر گہرا زخم آیا ہے۔
میڈیا پر جاری کی گئی تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور کی عمر 50 اور 60 سال کے درمیان تھی، اس نے سر پر کاغذ سے بنا ایک تاج پہن رکھا تھا جس پر لی جے کا نام لکھا تھا۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص آٹو گراف مانگتے ہوئے لی جے کے پاس پہنچا اور پھر اچانک آگے بڑھ کر اُن پر حملہ کر دیا۔ نیوز ایجنسی یونہاپ کے مطابق حملہ آور کو فوری طور پر جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا گیا۔
ٹیلی ویژن پر اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ہونے والے ویڈیو کلپس میں ایک شخص کو اپنا بازو اُٹھائے لی کے میونگ کی جانب لپکتے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد وہ زمین پر گر جاتے ہیں۔
تصاویر میں لی آنکھیں بند کیے زمین پر لیٹے دِکھائی دیتے ہیں اور لوگ اُن کی گردن پر رومال رکھ کر دبا رہے ہیں۔

لی جے میونگ کو 2022 کے صدارتی انتخابات میں سابق چیف پراسیکیوٹر یون سے شکست ہوئی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

صدر یون سک یول نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک ناقابلِ قبول عمل ہے۔‘
انہوں نے لی جے میونگ کے لیے تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ بہترین دیکھ بھال کی جائے تاکہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو سکیں۔
گیونگی صوبے کے سابق گورنر لی جے میونگ کو 2022 کے صدارتی انتخابات میں سابق چیف پراسیکیوٹر یون سے شکست ہوئی تھی۔
لی جے کو ایک ترقیاتی منصوبے میں مبینہ طور پر رشوت لینے کے الزام میں ٹرائل کا سامنا ہے جب وہ سیونگنم کے میئر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے ان الزامات کو ’سیاسی سازش‘ قرار دیا ہے۔
لی جے میونگ اگست 2022 سے مرکزی اپوزیشن پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے آئندہ پارلیمانی انتخابات رواں سال اپریل میں ہوں گے۔ 

شیئر: