Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیوں کو راغب کرنے کے لیے فلپائن میں سیاحت کو فروغ دینے کا اقدام

سعودی شہری منڈاناؤ کا وزٹ کرنا اور وہاں کی مہمان نوازی پسند کرتے ہیں۔ فائل فوٹو گیٹی امیجز
فلپائن میں سعودی سیاحوں کو راغب کرنے اور سیاحت کے فروغ کے لیے مملکت سے منیلا آنے والے وفد کے خیرمقدم کے لیے سفارت خانہ اپنی کوششیں تیز کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض میں فلپائن کے ناظم الامور نے بتایا ہے کہ سفید ریتیلے ساحلوں، غوطہ خوری کے مقامات اور اعلٰی ثقافتی مرکز کی پہچان رکھنے والے ملک فلپائن کی معیشت کا انحصار سیاحت پر ہے۔
عالمی وبا کورونا پھیلنے سے قبل تقریباً 83 لاکھ غیرملکیوں نے فلپائن کا رخ کیا اور 2019 میں سیاحت نے تقریباً 44 ارب ڈالر کے ساتھ مجموعی ملکی معیشت میں لگ بھگ 13 فیصد حصہ ڈالا۔
عالمی وبا سے بین الاقوامی سفر پر پابندیوں کے بعد فلپائن نے سیاحت کے فروغ کے لیے اپنے اہداف کو وسعت دی اور سیاحتی منزل کے طور پر مسلم ممالک کو خوش آمدید کہا جس میں مملکت کو خصوصی طور پر توجہ کا مرکز بنایا۔
فلپائنی سفارت خانے کے ناظم الامور رومیل روماٹو نے بتایا کہ فلپائن کی سیکریٹری سیاحت کرسٹینا فراسکو نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد سیاحت کے فروغ کے لیے کام کیا اور 2022 میں سعودی عرب کا دورہ کیا۔
رومیل روماٹو نے بتایا کہ ہم رواں سال فلپائن میں سیاحت کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سعودی وفد کو منیلا میں مدعو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے سیاحت کے ساتھ تجارتی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔

ایشیا و دیگر ممالک کے ساتھ  سیاحت کے فروغ کے لیے ہم پرعزم ہیں فوٹو انسٹاگرام

خلیجی ممالک میں تقریباً 18 لاکھ فلپائنی کارکنوں میں آدھے سے زیادہ سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور گذشتہ کئی دہائیوں سے بیرون ملک ملازمت کے لیے سعودی عرب ان کی ترجیحی منزل رہی ہے۔
فلپائنی سفارت خانے کے ناظم الامور نے مزید بتایا کہ سعودی شہری ہمارے محنتی کارکنوں کی صلاحیتوں کو بخوبی جانتے ہیں اور امید ہے کہ فلپائن کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہاں کے سفر کو ترجیج دیں گے۔
سعودی عرب میں ہمارے ہونہار کارکنوں کو ان کے آجروں نے ہمیشہ سراہا ہے لہذا وہ فلپائن کے بارے میں مزید جاننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

سیاحوں کو فلپائن مدعو کرنے میں بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔ فوٹو گیٹی امیجز

وسطی فلپائن میں قائم جزیرہ ’ بوروکے‘ جو خاص ریزورٹس اور خوب صورت ساحلوں کی وجہ س معروف ہے سعودی شہریوں کے لیے سب سے مقبول سیاحتی مقام ثابت ہو گا۔
اس جزیرے کے ساتھ ہی ’پلوان‘ آئس لینڈ ہے جو شفاف پانی اور چونے کے پتھر کی چٹانوں کے علاوہ قریب واقع سرسبز جنگلات کے لیے مشہور ہے۔
فلپائن کے علاقے منڈاناؤ کے جنوبی جزیرے پر مسلم آبادی مقیم ہے جہاں مملکت کے شہری اکثر آتے ہیں۔

فلپائن کو مزید جاننے کے لیے سیاح یہاں آنے کو ترجیج دیں گے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

روماتو نے کہا کہ مسلم کمیونٹیز میں سعودی شہری دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے وہ منڈاناؤ کے معروف علاقوں کا وزٹ کرنے اور ان کی مہمان نوازی پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلپائن خاص طور پر ایشیا اور بہت سے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر سیاحت کے فروغ  پر غور کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایشیائی ممالک ہمارے کارکنوں کے ذریعے فلپائن کو پہلے سے ہی جانتے ہیں اور فلپائن پہلے ہی ان کے دلوں میں ہے۔
ہمیں اپنے سیاحتی مقامات کو سیاحوں کی ضروریات کے مطابق بنا کر مہمانوں کو فلپائن میں مدعو کرنے میں اپنا بہترین کردار ادا کرنا ہے۔

شیئر: