Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی ڈی اے کا مورو میں احتجاجی دھرنا، سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کی دھمکی

صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ ’جیسے ہی سندھ اسمبلی کا اجلاس بُلایا جائے گا ہم سب وہاں پہنچ جائیں گے‘ (فائل فوٹو: اے پی پی)
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے صوبے میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سندھ اسمبلی کے گھیراؤ کی دھمکی دے دی ہے۔
جی ڈی اے کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف منگل کو مورو سدوجا نیشنل ہائی وے پر احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
دھرنے سے پیر سید صدرالدین شاہ راشدی، مرتضٰی جتوئی، صفدر عباسی، لیاقت جتوئی، ایاز لطیف پلیجو، راشد سومرو سردار عبدالرحیم، مسرور خان جتوئی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
پیر صدرالدین شاہ نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کسی کو وائسرائے بنا کر اپنے اوپر حکمرانی نہیں کرنے دیں گے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’23 فروری کو کراچی میں تمام جماعتوں کے اجلاس کے بعد آگے کا پلان بنائیں گے۔‘
’ہماری اتحادی جماعتیں عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف یک زبان ہیں۔ جی ڈی اے اور اس کے اتحادی عوام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘ 
انہوں نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی نے عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان بھی چھین لیا ہے، پیر صاحب پگاڑا کے حکم پر یہ تحریک جاری رہے گی۔‘
سابق وزیراعلٰی سندھ لیاقت جتوئی نے مورو میں جی ڈی اے کے دھرنے سے خطاب میں کہا کہ ’صوبے میں انٹرنیٹ بند کر کے دھاندلی کی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم پیپلز پارٹی کو حکومت نہیں بنانے دیں گےاور اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے۔‘
ایاز لطیف پلیجو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’دو دن قبل حیدرآباد اور آج دو دن بعد مورو میں دوبارہ لاکھوں افراد نے احتجاج کیا جو فیصلہ سازوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔‘
اس موقع پر جی ڈی اے کے رہنما ڈاکٹر صفدر عباسی نے 26 فروری کو بدین میں دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

جی ڈی اے کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ’26 فروری کو بدین میں دھرنا دیا جائے گا‘ (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے مزید کہا کہ ’23 فروری کو جی ڈی اے کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، ہوسکتا ہے سندھ اسمبلی کا اجلاس 12 گھنٹے کے نوٹس پر بُلا لیا جائے۔‘
’جیسے ہی سندھ اسمبلی کا اجلاس بُلایا جائے گا ہم سب اپنے گھروں سے نکل کر اسمبلی پہنچ جائیں گے۔‘
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ ’تین روز قبل جامشورو میں اور آج مورو میں لاکھوں افراد کا مجمع عوامی ریفرنڈم ہے۔‘
انہوں نے پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو پتا اس وقت چلے گا جب ہم سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے۔‘
مولانا راشد محمود سومرو نے فارم 45 لہراتے ہوئے کہا کہ ’میں بلاول زرداری کی جانب سے مناظرے کا چیلنج قبول کرتا ہوں۔‘
دھاندلی کے ثبوت الیکشن کمیشن اور عدالتوں میں پیش کریں: نثار کھوڑو
جی ڈی اے کے دھرنے پر اپنے ردِعمل میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ ’جی ڈی اے اور جے یو آئی دھرنے دے کر اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘

نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ ’جی ڈی اے اور جے یو آئی عوام کی توہین بند کریں‘ (فائل فوٹو:اے پی پی)

انہوں نے کہا کہ ’جی ڈی اے اور جے یو آئی کے سندھ میں انتخابی جلسوں سے مولانا فضل الرحمان اور پیر پگاڑا غائب رہے۔‘ 
’جے یو آئی سندھ سے نہ پہلے کبھی جیتی تھی نہ اب جیتی ہے تو پھر دھاندلی کے الزام لگا کر دھرنے کیوں دیے جا رہے ہیں۔‘
نثار کھوڑو کے مطابق ’جی ڈی اے کے دھرنے عوام کے فیصلے کے خلاف ہیں، جی ڈی اے اور جے یو آئی عوام کی توہین بند کریں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جی ڈی اے اور جے یو آئی کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو الیکشن کمیشن اور عدالتوں میں پیش کریں۔‘
’عوام کے خلاف غیر جمہوری سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، سازشیں کرنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور نئی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔‘

شیئر: