Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ’بنٹی اور ببلی‘ فلم دیکھ کر ٹھگ بننے والا جوڑا پکڑا گیا

بالی وڈ فلم ’بنٹی اور ببلی‘ 2005 میں ریلیز ہوئی تھی (فوٹو: بالی وڈ تماشا)
بالی وڈ فلم ’بنٹی اور ببلی‘ سے متاثر ہو کر ٹھگ بننے اور فلمی انداز میں واردات کرنے والا جوڑا پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دارالحکومت دہلی کے علاقے جانک پوری میں مرد اور خاتون پر مشتمل ملزمان دھوکے سے ایک شخص کی گاڑی لے اڑے، جس پر پولیس حرکت میں آئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے والوں کی شناخت سندیپ منا اور رینا کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کی عمر 27 سال ہے اور پالم کے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں تاہم رہتے دہلی شہر میں ہیں۔
جوڑے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کو وارداتیں کرنے کا خیال فلم ’بنٹی اور ببلی‘ دیکھنے کے بعد آیا تھا اور اس کے لیے طریقہ کار بھی ایسا اپنایا جیسا فلم میں دیکھنے کو ملا تھا۔
واردات 22 فروری کو ہوئی جس کے بعد گاڑی کے مالک نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ صبح 10 کے قریب ایک پیدل چلنے والے جوڑے کو انہوں نے غریب سمجھ کر لفٹ دی تھی۔
جانک پوری پولیس کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا کہ لفٹ دینے والا شخص راستے میں گاڑی سے کسی کام سے اترا تو اندر موجود جوڑا گاڑی لے گیا۔ اس شخص کا لیپ ٹاپ بھی گاڑی کے اندر تھا۔
پولیس کے مطابق ’معاملے کو خفیہ رکھتے ہوئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ڈیجیٹل فٹ پرنٹس کا جائزہ بھی لیا اور مزید کچھ شواہد ملنے کے بعد سندیپ منا کو گرفتار کیا گیا، ان کے قبضے سے چھینی جانے والی گاڑی بھی برآمد ہوئی۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ واردات میں ان کی دوست رینا نے ساتھ دیا، جس کے بعد رینا کو بھی گرفتار کر لیا گیا اور متاثرہ شخص کا لیپ ٹاپ بھی ان کے پاس تھا۔
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اتما نگر کے علاقے میں اکٹھے رہتے تھے۔ دونوں لوگوں کو لوٹنے کا کام کرتے تھے ان کا کوئی اور ذریعہ معاش نہیں تھا۔
’بنٹی اور ببلی‘2005 میں ریلیز ہونے والی ایک کامیاب فلم تھی جس میں مرکزی کردار امیتابھ بچن، ابھشیک بچن اور رانی مکرجی نے ادا کیے تھے۔ اس میں ہیرو ہیروئن شہر میں ملتے ہیں اور پھر لوگوں کو لوٹنے کا کام شروع کر دیتے ہیں اور ایک پولیس انسپکٹر مسلسل انے پیچھے رہتا ہے۔
اس فلم کا گانا ’کجرارے‘ بہت مشہور ہوا تھا۔

شیئر: