Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملہ، حزب اللہ کے 3 جنگجو ہلاک

حزب اللہ نے کہا ہے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے بعد لڑائی بند کریں گے۔ فوٹو روئٹرز
جنوبی لبنان میں ہفتے کے روز ایک کار پر اسرائیلی حملے میں ایران کے حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کے تین جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق لبنان کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اور حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے تقریباً پانچ ماہ بعد یہ واقعہ پیش آیا ہے۔
اسرائیل اور غزہ میں فلسطینی گروپ حماس کے درمیان 7 اکتوبر کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے حزب اللہ حماس کی حمایت میں لبنان سے شمالی اسرائیل پر حملے کر رہا ہے جب کہ اسرائیل جنوبی لبنان پر حملہ کر رہا ہے۔
لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی ڈرون نے سرحد کے قریب ساحلی شہر ناقورہ کی سڑک پر آج صبح ایک کار کو نشانہ بنایاہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی نے مزید بتایا ہے کہ جائے وقوعہ پر ایمبولینس گاڑیاں فوری پہنچ گئی ہیں۔
لبنان کے سکیورٹی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کے تین جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
حزب اللہ کی طرف سے ہفتے کے روز بیان جاری کیا گیا ہے ’اس کے تین جنگجو بیت المقدس کی راہ میں ہلاک ہوئے‘ گروپ کی جانب سے یہ جملہ اسرائیلی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

ساحلی شہر ناقورہ کے قریب سڑک پر کار کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

اے ایف پی کے نمائندے کی جانب سے کھینچی گئی تصاویر میں ساحلی شہر ناقورہ کے قریب سمندر کے کنارے سڑک پر جلی ہوئی کار دکھائی گئی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا ہے، کار میں وہ دہشت گرد جا رہے تھے جنہوں نے اسرائیلی علاقے میں راکٹ داغے تھے۔
اسرائیلی حملے سے قبل حزب اللہ نے کہا تھا کہ اس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجی چوکی پر ڈرون حملہ کیا تھا۔
سرحد پار سے ہونے والے تشدد نے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان ایک بار پھرتصادم کا خدشہ پیدا کر دیا ہے جو دونوں متحارب گروپوں میں 2006 میں جنگ ہوئی تھی۔

اس تصادم نے سرحد کے دونوں جانب ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔ فائل فوٹو روئٹرز

حزب اللہ نے جنوبی لبنان کے علاقے رمیہ میں ایک گھر پر گذشتہ روز جمعہ کی رات اسرائیلی حملے کے بعد چار جنگجوؤں کی ہلاکت کا اعلان کیا تھا، جس کے جواب میں اسرائیل نے کہا تھا کہ اس نے علاقے میں حزب اللہ کی ’فوجی‘ عمارتوں کو نشانہ بنایا ہے۔
اس تصادم نے سرحد کے دونوں جانب ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا ہے، لبنان میں کم از کم 296 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ، زیادہ تر حزب اللہ کے جنگجو ہیں جب کہ 46 عام شہری ہیں۔ اسرائیل کے 10 فوجی اور 6 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے بعد لڑائی بند کر دیں گے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کا معاہدہ ہونے کے باوجود حزب اللہ کے خلاف اسرائیلی کارروائی میں کمی نہیں آئے گی۔

شیئر: