Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں خلائی شعبے کی ترقی کے لیے ’مدارک‘ پروگرام

پروگرام مواصلات کے شعبے میں ماہر بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے مواصلات، خلائی و ٹیکنالوجی کمیشن نے خلائی شعبے میں قومی صلاحیتوں کو بااختیار بنانے اور ترقی دینے کے لیے ’مدارک پروگرام‘ کا آغاز کیاہے۔
عرب نیوز کے مطابق مدارک پروگرام 5 مئی سے 15 اگست تک مواصلات و ٹیکنالوجی کے شعبے میں ماہر بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے چلایا جائے گا۔
اس پروگرام کا مقصد مقامی شہریوں کے لیے مستقبل میں پیشہ ورانہ صلاحیتیں ابھارنے اور اس شعبے میں تجربہ رکھنے والے شراکت داروں کے علم سے مستفید کرنا ہے۔
خلائی علوم کے پروگرام میں شرکت کرنے والوں کو اپنی مہارت کو فروغ دینے اور ملک کے خلائی شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ابتدائی قدم اٹھانے میں مدد فراہم کی جائے گی۔
سعودی خلائی ٹیکنالوجی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ فرانس میں بین الاقوامی خلائی یونیورسٹی، جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، ایریزونا میں تھنڈر برڈ سکول آف گلوبل مینجمنٹ اور سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ٹریننگ BAE سسٹمز کے ساتھ مل کر یہ پروگرام تیار کیا گیا ہے۔
مدارک پروگرام کے کورسز ریاض اور جدہ میں ہوں گے ، دیگر شہروں سے رجسٹرڈ افراد بھی شرکت کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی کمیشن نے کہا ہے کہ پروگرام میں حصہ لینے کے لیے منتخب کیے گئے حالیہ گریجویٹس اور پیشہ ور افراد تین خصوصی ٹریکس میں سے کسی ایک میں شامل ہوں گے۔

مدارک پروگرام کے لیے درخواست دہندگان کا سعودی شہری ہونا ضروری ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

خلائی ڈیٹا اور سافٹ ویئر ٹریکس ان لوگوں کے لیے ہیں جو کمپیوٹر سائنس، ڈیٹا سائنس، ڈیٹا انجینئرنگ اور سائبر سیکیورٹی میں مہارت رکھتے ہیں جب کہ خلائی انجینئرنگ ٹریک ان افراد کے لیے ہے جو انجینئرنگ کے شعبوں میں اہل ہیں۔
خلائی ٹیکنالوجی کمیشن نے کہا کہ مدارک پروگرام کے لیے درخواست دہندگان کا سعودی شہری ہونا، متعلقہ شعبے میں کم از کم بیچلر ڈگری ہونا، انگریزی میں ماہر ہونا اور پروگرام میں شامل ہونے کے لیے رجسٹریشن کے دیگر تمام تقاضے پورےکرنا ضروری ہے۔
 

شیئر: