Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سرمایہ کاری، سعودی وفد کی ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے ملاقات آج

پاکستان میں اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کو حتمی شکل دینے کے لیے سعودی عرب کا وفد آج سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی سے ملاقات کرے گا۔
پیر کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اسلام آباد پہنچے تھے جبکہ ان کے وفد میں شامل دیگر وزراء بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی ہم منصب کا استقبال کیا۔
سعودی وفد پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے قائم ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے ملاقات کرے گا۔ وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس وفد میں وزیر خارجہ کے علاوہ وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے وفد میں شامل ہوں گے۔
سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے اسسٹنٹ منسٹر ابراہیم یوسف المبارک بھی وفد کا حصہ ہیں۔ سعودی عرب کے وفد کے دیگر ارکان میں رائل کورٹ اور دیگر شعبوں کی معزز شخصیات اور محکموں کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
سعودی وفد سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔
پاکستان کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنی ذخائر کی نکاسی کے منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ سرمایہ کاری سونے اور تانبے کے ذخائر نکالنے کے ریکوڈک منصوبے میں کی جائے گی۔ اس حوالے سے سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) ضروری انتظامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چھ سے آٹھ اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وفد ایس آئی ایف سی کے علاوہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں کرے گا جبکہ وفد میں شامل سعودی وزراء کی اپنے پاکستانی ہم منصب وزراء سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے (6 تا 8 اپریل) دورہ سعودی عرب کے ایک ہفتے بعد سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے۔
وزارت خارجہ کے حکام کے مطابق ایک ہفتے میں سعودی وفد کا پاکستان آنا دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان ذہنی ہم آہنگی، باہمی اعتماد و تعاون اور دونوں ممالک کی ترقی کے یکساں عزم کا مظہر ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے، سرمایہ کاری کے اسسٹنٹ منسٹر ابراہیم یوسف المبارک اور دیگر اعلیٰ حکام کا پاکستان تشریف لانا سعودی عرب کی جانب سے وزیراعظم کو دی جانے والی اہمیت کا مظہر ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وفد سرمایہ کاری کے اگلے مراحل اور عمل درآمد کے امور پر مشاورت کرے گا۔ زراعت، تجارت، توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے امور زیرغور آئیں گے۔ اس دورے کے نتیجے میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور نئے امکانات کی راہیں ہموار ہوں گی۔
سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد کی آمد نہ صرف ایس آئی ایف سی کے مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہو گی بلکہ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال میں مزید بہتری اور اعتماد لانے کا بھی باعث بنے گی۔

شیئر: