Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سرمایہ کاری، سعودی وفد کی ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے ملاقات

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان پاکستان کے دو روزہ دورے پر ہیں (فوٹو: وزارت خارجہ)
سعودی وفد نے پاکستان میں اہم منصوبوں میں سرمایہ کاری کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے قائم ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی سے ملاقات کی ہے۔
منگل کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس وفد میں وزیر خارجہ کے علاوہ وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینیئر عبدالرحمان عبدالمحسن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائے بھی شامل ہیں۔
سعودی عرب کے سرمایہ کاری کے اسسٹنٹ منسٹر ابراہیم یوسف المبارک بھی وفد کا حصہ ہیں۔ سعودی عرب کے وفد کے دیگر ارکان میں رائل کورٹ اور دیگر شعبوں کی معزز شخصیات اور محکموں کے اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
سعودی وفد سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پاکستان کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنی ذخائر نکالنے کے منصوبے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ سرمایہ کاری سونے اور تانبے کے ذخائر نکالنے کے ریکوڈک منصوبے میں کی جائے گی۔ اس حوالے سے سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) ضروری انتظامات کر رہی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وفد سرمایہ کاری کے اگلے مراحل اور عمل درآمد کے امور پر مشاورت کرے گا۔ زراعت، تجارت، توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں میں سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ریکوڈک منصوبے میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے امور زیرغور آئیں گے۔ اس دورے کے نتیجے میں پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور نئے امکانات کی راہیں ہموار ہوں گی۔
سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد کی آمد نہ صرف ایس آئی ایف سی کے مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہو گی بلکہ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال میں مزید بہتری اور اعتماد لانے کا بھی باعث بنے گی۔

شیئر: