جیالوں کو ڈرانا حکومت کی بھول ہے،بلاول
اسلام آباد... پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پریڈ گراونڈ اسلام آبادمیں پارٹی کے 50ویں یوم تاسیس کا جلسہ ضرور ہوگا ۔ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے۔ ایک بیان میں انہوںنے پارٹی کے شیڈول جلسے کی تیاریوں میں حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اسلام آباد کی انتظامیہ نے پریڈ گراونڈ میں جلسے کی باضابطہ اجازت دے رکھی ہے اس کے باوجود حکومتی ایما پر رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سے پیپلز پارٹی کے پرچم اور بینر اتارے جا رہے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو جان بوجھ کر کارکنوں سے الجھایا جا رہا ہے۔بلاول نے کہا کہ جلسہ اور اس کی تشہیر کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ چند پولیس والوں کو بھیج کر جیالوں کو ڈرا دے گا تویہ اس کی بھول ہے۔ہمارا ہر عمل آئین، قانون اور جمہوری روایات کے دائرے میں ہے۔ جب جیالوں سے جمہوری حق چھینا جاتا ہے تو پھر دمادم مست قلندر ہوتا ہے۔ 5 دسمبر کو پارٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات منا ئیں گے۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدات کی کہ حکومت کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود پریڈ گراونڈ جلسے کی تیاریاں تیز کردیں۔