Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایچ ایم فیاض نے پاک کمیونٹی اور سفارتخانے کی تقریبات کی کوریج کا حق ادا کردیا"

    ریاض ( ذکاء اللہ محسن)پاک میڈیا فورم کی جانب سے فورم کے سابق صدر ایچ ایم فیاض کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا  جس میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے پولیٹکل قونصلرسردار خٹک ،کمیونٹی ویلفئیر اتاشی محمود لطیف  اور  صحافیوں نے بھی بھرپور شرکت کی، اس موقعہ پر ابرار تنولی، امیتاز احمد، مبشر انوار، شاہ جہان شیرازی،فنانس سیکرٹری جہانزیب امجد، جنرل سیکرٹری عابد شعمون چاند اور صدر الیاس رحیم نے ایچ ایم فیاض کی صحافتی خدمات کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ غیر جانبداری کے ساتھ کمیونٹی کی خدمت کی ہے، سعودی عرب میں کیمونٹی نیوز کو پاکستانی اخبارات میں شائع کروانا انہی کا خاصہ رہا ہے۔انہوں نے  صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور پاک میڈیا فورم  قائم کیا۔اس کو ہمیشہ یاد رکھا جاے گا۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کا کہنا تھا کہ  مثبت صحافت معاشرے کی تعمیر وترقی میں  اہم رول ادا کرتی ہے اور سعودی عرب میں جس طرح پاکستانی صحافی صحافت کی اعلیٰ اقدار کو لیکر چل رہے ہیں اور اپنے اخلاق اور قلم سے کیمونٹی، سفارت خانے کے ساتھ ساتھ پاک سعودی تعلقات کو بھی احسن انداز میں فروغ دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے  ایچ ایم فیاض   کی خدمات کو ہمیشہ سراہا جاتا رہے گا، پولیٹکل قونصلر سردار خٹک کا کہنا تھا کہ ایچ ایم فیاض نے  سفارت خانہ پاکستان کے ایونٹس کے حوالے سے جس طرح  کوریج کی اس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پاک میڈیا فورم  کے  صحافی  پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دیں۔ ایچ ایم فیاض کا کہنا تھا کہ وہ 26 سال سے سعودی عرب  میںمقیم رہے، اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ صحافتی امور کی ادائیگی یقینی طور پر مشکل عمل تھا مگر ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اتنی منظم تھی کہ اس کے خوبصورت پروگرامز اور ان کے اعلی اخلاق کی بدولت کبھی محسوس ہی نہیں ہوا ،اور وہ خوش دلی کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ وہ پاکستان میںبھی صحافت سے منسلک رہیں گے ۔تقریب کے آخر میں پاک میڈیا فورم کی جانب سے سفارت خانہ پاکستان کے افسران اور صحافیوں نے مل کر انہیں اعزازی شیلڈ سے بھی نوازا۔

شیئر: