Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان عالم اسلام کےلئے اللہ تعالی کا تحفہ ہے، راجہ پرویز

ایک دن ریاست جموں و کشمیر بھی پاکستان بنے گی، جموں و کشمیر اوورسیز فورم کی تقریب
ریاض (جاوید اقبال) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کے کوآرڈینیٹر برائے مشرق وسطی راجہ پرویز نے کہا ہے کہ پاکستان عالم اسلام کے لیے خالق کائنات کا تحفہ ہے اور تشکیل وطن کا فریضہ اللہ تعالی نے قائداعظم محمد علی جناح کے سپرد کیا۔ وہ جموں و کشمیر اوورسیز فورم کے زیر اہتمام بانی پاکستان کے 142ویں یوم پیدائش کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندو اکثریت تقسیم برصغیر پر ہر گز تیار نہیں تھی لیکن محمد علی جناح نے محسوس کرلیا تھا کہ انگریز سے آزادی حاصل کرنے کے بعد ہندوستان پر صرف ہندوﺅں کی حکومت ہوگی اور مسلمانوں کو غلام بن کر ہی رہنا پڑے گا۔ راجہ پرویز نے اس بات پر زور دیا کہ ہر پاکستانی اور کشمیری کو انتہائی خلوص سے اپنے فرائض کی ادائیگی کرنی چاہیئے۔ تقریب کے ناظم مرکزی جنرل سیکریٹری حاجی احسان دانش نے قیام پاکستان کو ایک معجزہ قرار دیا اور واضح کیا کہ قائداعظم نے آزاد وطن کے حصول کے لیے چومکھی جنگ انتہائی بہادری سے لڑی۔ انہوں نے کہا کہ قائد کے ہمراہ دیگر رہنماﺅں کے ھراول دستے نے انتہائی خلوص اور ایمانداری سے محمد علی جناح کا اس جدوجہد میں ساتھ دیا۔ فورم کے سرپرست اعلی سردار محمد رزاق نے اپنے صدارتی خطاب میں قائداعظم کے وجود اور آزادی وطن کو اللہ تعالی کی طرف سے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے نعمت قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تقسیم کے فورا بعد ہندوستانی فوج کا حیدرآباد دکن اور کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندو کی نیت آغاز میں ہی نیک نہیں تھی۔ سردار رزاق نے اس یقین کا اظہار کیا کہ قائد کے فرمان کے مطابق کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ ایک دن ریاست جموں و کشمیر پاکستان بنے گی۔ اس موقع پر قائداعظم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک کیک بھی کاٹا گیا۔
 

شیئر: