Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیا سعودی عرب

عبدالرحمن عربی المغربی ۔ المدینہ
تاریخ بجا طور پر فخر کرسکتی ہے کہ سعودی عرب نے عالمی مقام بنالیا ہے اور خطے کو اہم مو ڑ دینے میں کامیاب ہوچکا ہے۔ یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ سعودی عرب کو یہ رتبہ یونہی نہیں مل گیا۔ یہ عظیم ریاست کے شاندار کارناموں کا ثمر جمیل ہے۔ نیا سعودی عرب اپنا تعارف خود کرا رہا ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور انکے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نئے سعودی عرب کے کارواں کی قیادت کررہے ہیں۔ انصاف پسند مورخین اور موثر شخصیات کا اس امر پر اتفاق ہے کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ کو آنے والے دور کا ادراک اور احساس کافی پہلے ہوگیاتھا۔ انکی نظر وطن عزیز کے حقیقی مفادات پر تھی۔ جدید دور میں نئے سعودی عرب کے فرمانروا کی حیثیت سے یہ اعزاز خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کے نصیب میں آیا ہوا ہے۔ 
شاہی فرامین کے بموجب سعودی کابینہ کی تشکیل نو کی گئی۔ ولی عہد کے زیر قیادت سیاسی و سلامتی امو رکی کونسل کی تشکیل نو عمل میں آئی۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ سعودی قیادت اپنے کندھوں پر زندگی کے تمام شعبوںمیں ہمہ جہتی ترقی برپا کرنے کی ذمہ داری لئے ہوئے ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ نئے شاہی فرامین کی بدولت وطن عزیز کو بہت کچھ نیا ملے گا۔ یہ فرامین مملکت کی تاریخ میں نیا موڑ ثابت ہونگے۔ نئے شاہی فرامین سعودی وژن2030اور قومی تبدیلی پروگرام سے پوری طرح ہم آہنگ ہیں۔جتنی تقرریاں ہوئی ہیں اور جو تبدیلیاں روبعمل آرہی ہیں وہ سب اس بات کی غماز ہیں کہ قیادت راشدہ تعمیر و ترقی کے کاررواں کو عروج کی نئی منزلوں سے آشنا کررہی ہیں۔
یہ بات بلا خوف تردید کہی جاسکتی ہے کہ خادم حرمین شریفین نے سعودی خلائی ادارے کے قیام کا فرمان جاری کرکے خلائی علوم سے دلچسپی رکھنے والے ہموطنوں کے حلقے میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ اس سے وطن عزیز کی نئی حکمت عملی منظر عام پر آئی۔ اس قسم کے قومی ادارے کی بدولت نئے مواقع مہیا ہونگے۔ اچھوتے پن کے رجحان کو فروغ ملے گا ۔ قومی اقتصاد کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ ادارہ خلائی مواصلات کی دنیا میں امتیازی درجے کا مرکز ثابت ہوگا۔ اس کی بدولت خطے میں مصنوعی سیاروں پر منحصر خلائی خدمات کو فروغ ملے گا۔ آخری بات یہ ہے کہ شاہی فرامین سعودی وژن سے ہم آہنگ تغیر و تبدیلی کی ہمرکابی کی بابت قیادت کے پرعزم ہونے کا پتہ دے رہے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭
 

شیئر: