Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر:بچے نے ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کرخودکشی کر لی  

بچہ دوستوں کے سامنے دادی کی ڈانٹ برداشت نہ کرسکا(فوٹو، سوشل میڈیا)
مصرمیں دس سالہ بچہ دادی کی ڈانٹ برداشت نہ کرسکا ، دوستوں کے سامنے سبکے کا احساس اس قدر غالب آیا کہ خود کو ہلاک کردیا۔
مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے مقامی ویب نیوز اخبار 24 کا کہنا ہے کہ مصر کی کمشنری ’الدقھلیہ‘ کے ایک گاوں میں دس سالہ بچے نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی ۔
اہل خانہ نے جب بچے کو گھر میں نہ پایا تو اس کے بارے میں  سب کو تشویش لاحق ہوئی جس پر اسے گاوں میں تلاش کیا گیا مگر وہ نہ ملا ۔

بچے کو سارے گاوں میں تلاش کیا مگر اسکی نعش گھر سے برآمد ہوئی (فوٹو، سوشل میڈیا)

گھروالوں کو یہ خیال ہی نہیں آیا کہ بچے کو گھر کے کمروں میں بھی دیکھا جائے وہ یہی سمجتھے رہے کہ بچہ دوستوں کے ساتھ کھیل میں مگن ہو کردور نکل گیا ہے ۔
بچے کی تلاش سے تھک کر جب والدین اور دیگر افراد گھر میں پہنچے تو مکان کے اندرونی حصہ میں بنے تنہا کمرے میں بچے کی نعش رسی سے لٹکی ہوئی ملی۔
نعش کو دیکھتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا ۔ اہل خانہ نے پولیس کو طلب کیا جنہوں نے آتے ہی نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ساتھ ہی واقعے کی تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ بچہ کافی دیر سے غائب تھا اسے پورے گاوں میں تلاش کیا گیا مگر وہ نہیں ملا تھا۔
پولیس نے اہل خانہ سے فردا فردا تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ بچہ اپنے دوستوں کے ساتھ گھر سے باہر کھیل رہا تھا جس پر دادی نے اسے دوستوں کے سامنے ڈانٹا اوربرابھلا کہا تھا۔ دادی کی ڈانٹ کے بعد سے بچے کو کسی نے نہیں دیکھا تھا۔
بچے کے دوستوں سے بھی جب تحقیق کی گئی تو معلوم ہوا کہ دادی کی ڈانٹ سن کر بچہ گھر میں ہی چلا گیا تھا جس سے پولیس نے یہ نتیجہ نکالا کہ بچہ دادی کی ڈانٹ برداشت نہ کر سکا اور خاموشی سے گھر کے متروکہ کمرے میں جاکر پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔
 

شیئر: