Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائر خاتون نے خودکشی کر لی

پولیس نے نعش تحویل میں لے کر سردخانے میں رکھوا دی (فائل فوٹو)
مکہ میں عمرہ پرآنے والی سوڈانی خاتون نے دوسری منزل سے کود کر خودکشی کر لی۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے کر واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے اس سے قبل بھی اس قسم کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔ حرم مکی میں خودکشی کے رجحانات کے سد باب کے لیے انتظامیہ نے حرم کی بالائی منزلوں پر بلند ریلنگ لگا دی تھی تاکہ اس قسم کے رجحان کی روک تھام کی جاسکے۔
مقامی ویب سائٹ ’سبق‘ کے مطابق مکہ کے علاقے ’الجرول ‘ کی ایک عمارت میں عمرہ پر آنے والی سوڈانی خاتون نے پیر کی صبح عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ ہوٹل کی انتظامیہ نے واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی۔

عمرہ پر آنےوالی خاتون مکہ کے علاقے الجرول کی ایک عمارت میں مقیم تھی (فوٹو: سبق نیوز)

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ہلال الاحمر کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے زائر خاتون کا طبی معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ کافی دیر پہلے مرچکی تھی۔ نعش کو پولیس تحویل میں سردخانے منتقل کیا گیا۔
خیال رہے جون 2018 میں بھی ایک بنگلہ دیشی عمرہ زائرنے حرم شریف کی دوسری منزل پر جاکر صحن مطاف میں کود کر خودکشی کر لی تھی ۔اس واقعہ سے ایک ہفتہ قبل مغربی ملک کے ایک شہری نے بھی ایسا ہی کیا تھا۔ مذکورہ شخص کے حوالے سے تفتیش کے بعد کہا گیا تھا کہ اس کی والدہ کا انتقال مکہ میں حج کے دوران ہوا تھا۔
مذکورہ واقعات کے بعد حرم کی انتظامیہ نے بالائی منزلوں کی ریلنگ کومزید بلند کردیا گیا جبکہ وہاں پولیس اہلکاروں کی بھی ڈیوٹیاں لگائی جانے لگیں تاکہ کوئی اس قسم کا اقدام نہ کرے۔

 

شیئر: