Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سے نویں خصوصی پرواز، مزید 252 پاکستانیوں کی واپسی

قونصلیٹ کے حکام مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے ائیر پورٹ پر موجود تھے(فوٹو اردونیوز)
 
سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز( پی آئی اے ) کی  پرواز پی کے 702 جدہ سے کراچی پہنچ گئی۔
خصوصی پرواز سے 252 پاکستانی واپس گئے ہیں ۔ یہ جدہ سے جانے والی نویں خصوصی پرواز ہے ۔ ہفتے کوپی آئی اے کی پرواز ریاض سے 250 مسافروں کو لے کرپشاور پہنچی تھی۔
 قونصل جنرل  کی نیابت کرتے ہوئے ڈائریکٹر حج ساجد مسعود اسدی  اور قونصل ویلفیئر ماجد میمن مسافروں کو الوداع کہنے کے لیے جدہ ائیر پورٹ پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث سعودی عرب سے واپس آنے کی خواہشمند پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

ہفتےکوپی آئی اے کی پرواز ریاض سے 250 مسافروں کو لے کرپشاور پہنچی تھی۔(فوٹو اردونیوز)

 اب تک جدہ سے نو  پروازوں کے ذریعے  1950 جبکہ ریاض سے بھی  نو  پروازوں کے ذریعے 1684 پاکستانی واپس جا چکے ہیں۔ دمام سے بھی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستانی واپس گئے ہیں۔
 یاد رہے کہ ریاض میں سفارتخانہ پاکستان اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے عملے کے تعاون سے سعودی عرب سے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کررہے ہیں۔
 سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا ان کا خروج نہائی لگا تھا اور وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکے تھے۔

شیئر: