Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

91 خصوصی پروازیں ، اٹھارہ ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کی واپسی

ریاض اور دمام سے مزید تین پروازیں روانہ ہوئی ہیں۔(فوٹو اردونیوز)
سعودی عرب سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاض اور دمام سے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز( پی آئی اے ) کی مزید تین پروازیں روانہ ہوئی ہیں۔
ریاض میں پاکستان کے سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق ’ریاض سے سیالکوٹ جانے والی پی آئی اے کی پرواز سے 140، دمام سے سیالکوٹ  جانے والی  پہلی پرواز سے 144 جبکہ لاہور جانے والی  دوسری پرواز سے 140 مسافر واپس گئے ہیں۔‘
یکم مئی سے اب تک ریاض، جدہ، دمام اور مدینہ سے چلائی جانے والی 91 پروازوں کے ذریعے اٹھارہ ہزار سے زیادہ پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال 16جون کے بعد سے خصوصی پروازوں کی ٹکٹیں براہ راست پی آئی اے اور اس کے مجاز ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے فروخت کی جا رہی ہیں۔ اب ٹکٹ کے حصول کے لیے سفارت حانے یا قونصلیٹ آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
 قونصلیٹ ذرائع کے مطابق جدہ اور مدینہ سے پی آئی اے کی 38 پروازوں کے ذریعے سات ہزار747 سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب کے مغربی علاقے سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں(فوٹو اردونیوز)

ریاض اور دمام سے 53 خصوصی پروازوں کے ذریعے دس ہزار 416 پاکستانی وطن واپس جا چکے ہیں۔ 
 ریاض میں سفارت خانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ پی آئی اے کے تعاون سے ان خصوصی پروازوں کے انتظامات دیکھ رہا ہے۔
سعودی عرب میں اس وقت ہزاروں پاکستانی وطن واپسی کے خواہش مند ہیں جن میں سے بیشتر وزٹ یا بزنس ویزے پر آئے تھے یا وہ سفری پابندیوں کے باعث واپس نہیں جا سکےتھے۔

شیئر: