Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جن کی بیرون ملک نوکری ختم ہو چکی وہ خود کو رجسٹر کرائیں‘

'ہماری پہلی ترجیح وہ تارکین وطن ہیں جن کی کورونا کی وجہ سے ملازمتیں ختم ہو گئی ہیں' (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری نے کورونا وائرس کی وبا کے باعث پیدا شدہ صورت حال کے نتیجے میں بیروز گار ہونے والے اوورسیز پاکستانیوں کو خود کو سرکاری ویب سائٹ پر رجسٹر کروانے کی ہدایت کی ہے۔
جمعرات کو انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں ویب سائٹ https://jobs.oec.gov.pk کا لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تمام وہ افراد جن کی بیرون ملک نوکری ختم ہو چکی ہے۔ دیے گئے لنک پر رجسٹر کریں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس کے تین بنیادی فوائد ہیں۔
'پہلا یہ کہ آپ دوبارہ باہر ملازمت کے اہل ہو سکتے ہیں، دوسرا یہ کہ آپ سرٹیفائیڈ ٹریننگ حاصل کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں اور تیسرا یہ کہ آپ حکومت کی طرف سے مالی مدد کے لیے اپنے آپ کو رجسٹر کروا سکتے ہیں۔'
واضح رہے کہ بدھ کو زلفی بخاری نے وزیراعظم کے معاون خصوصی معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ایک ماہ کے اندر واپسی کے خواہش مند تمام تارکین وطن کو واپس لایا جائے۔
زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ 'ہماری پہلی ترجیح وہ تارکین وطن ہیں جن کی کورونا کی وجہ سے ملازمتیں ختم ہو گئی ہیں۔'
انہوں نے واپس آنے والے پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو او ای سی کی ویب سائٹ پر رجسٹرڈ کروائیں اور اپنی ملازمت کی تفصیل لکھیں ۔
ان کے بقول اس ڈیٹا کو احساس پروگرام میں بھی شامل کیا جائے گا اور جب حالات بہتر ہوں گے تو اسی ڈیٹا کی مدد سے ان کو واپس ملازمتوں پہ بھجوایا جائے گا۔

شیئر: