Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیرخارجہ کی سعودی سفیر سے ملاقات

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو:پاکستان وزارت خارجہ)
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔ 
پیر کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں۔
 ان کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کا تقدس ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا دکھائی دے گا۔
بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں شہری آبادیوں اور عسکری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں (فوٹو:روئٹرز)

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ وہ سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے متوقع دورہ پاکستان کے دوران ان دونوں شخصیات سے ملاقات کے متمنی ہیں۔ 
وزیر خارجہ نے سعودی سفیر سے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خیریت دریافت کی۔ 
ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کثیر تعداد میں پاکستانی سالہا سال سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے چلے آرہے ہیں۔ 'ہمیں توقع ہے کہ سعودی حکومت کورونا وبائی صورتحال میں بہتری کے بعد ملازمتوں سے برخاست کیے گئے پاکستانی ورکرز کی واپسی اور روزگار کی دوبارہ فراہمی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کرے گی۔'

شیئر: