Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب سے اچھے تعلقات رہیں گے‘

قریشی کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان رخنہ ڈالنے والوں کو ناکامی ہوگی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے بارے میں کہا ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی ضرورت ہیں۔
نجی ٹیلی ویژن چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات اچھے رہے ہیں اور اچھے رہیں گے۔
’دونوں ممالک کے تعلقات پر کوئی قدغن نہیں ہے، رخنہ ڈالنے والوں کو ناکامی ہوگی۔‘
قریشی کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے فلسطین کے معاملے پر دو ٹوک موقف اپنایا ہے، سعودی عرب نے واضح بیان دیا ہے وہ پاکستان کے مؤقف کے عین مطابق ہے۔‘
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ’میری خواہش ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں سعودی عرب کے ساتھ مزید نشستیں ہوں، ہم ایک دوسرے کی ضرورت رہے ہیں اور آج بھی ہیں۔‘
انھوں نے آرمی چیف جنرل باجوہ کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ’ جنرل باجوہ نے ریاض کے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کی ہیں اور پرامید ہیں کہ مستقبل میں سعودی عرب سے اہم معاملات پر مزید میٹنگز ہوں گی۔‘
خیال رہے جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
 'سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اس سلسلے میں ہم اپنے برادر اسلامی ملک کے انتہائی مشکور ہیں۔'
وزیر اعظم عمران خان نے بھی ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ ’ ہمارے لیے سعودی عرب اہم ترین اتحادی ہے۔ ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے ۔اس مرتبہ بھی مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے‘۔
وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا تھا کہ ’یہ جو سنتے ہیں کہ سعودی عرب سے حالات بگڑ گئے ہیں بالکل غلط ہے۔سعودی عرب سے بہترین تعلقات ہیں۔ ہمارے مسلسل رابطے ہیں۔‘

شیئر: