Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عراقی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے عادل الجبیر کی ملاقات

بغداد.... سعودی عرب نے عراق کےساتھ مل کر خطے میں انتہا پسندی کے خاتمے کےلئے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ہفتے کو عراق کا دورہ کیا اور وزیراعظم حیدر العابدی اور پھر اپنے عراقی ہم منصب ابراہیم الجعفری کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے الجعفری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ 2003ءکے بعد مملکت کے کسی وزیرخارجہ کا اپنی نوعیت کا یہ پہلا دورہ ہے جبکہ سعودی عرب کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا 1990ءکے بعدعراق کا پہلا دورہ ہے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ فریقین نے داعش کے خلاف لڑائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ الجعفری کے ساتھ الجبیر کی ملاقات کے بعد جوبیان جاری کیا گیا اس کے مطابق اس دورے سے تعلقات پہلے کی نسبت زیادہ بہترطریقے سے مستحکم ہونگے۔العربیہ نیوز چینل کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے بات چیت کے دوران عراقی وزیر خارجہ کو بتایا کہ سعودی عرب بہت جلد عراق کے لئے اپنا سفیر نامزد کریگا۔ دونوں رہنماﺅں نے بعد میں ا یک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب عراق کے ساتھ تعاون کو بڑھانے اور تعلقات بہتر بنانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر عراقی وزیر خارجہ نے کہاکہ ماضی میں جو کچھ غلط ہوا ہے اسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے دونوں ملکوں کے عہدیدارو ںکے دوروں میں اضافہ کرنا چاہئے۔ عادل الجبیر نے کہا کہ مملکت دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کی حمایت کریگا جبکہ سعودی عرب فرقہ وارانہ تقسیم ختم کرانے کیلئے بھی مدد دینے کو تیار ہے۔ہم عراق کے اتحاد اور استحکام کی حمایت کرتے ہیں۔

شیئر: